آزادکشمیر میں ان ہائوس تبدیلی، صدروزیراعظم کی اہم ملاقات،پی پی کا اجلاس آج طلب

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف کے درمیان ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں آزاد کشمیر میں ممکنہ سیاسی تبدیلی سمیت ملکی سیاسی صورت حال اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر بھی ملاقات میں موجود تھے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثنا اللہ نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر :دوران تدریس اساتذہ کے موبائل فون استعمال پر پابندی عائد

ذرائع کے مطابق صدر اور وزیراعظم کی ملاقات میں اہم قومی و سیاسی امور پر تفصیلی مشاورت ہوئی، ملاقات میں آزاد کشمیر کی ممکنہ سیاسی تبدیلی پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ اتحادی قیادت نے ملکی سیاسی صورتحال اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا۔

دوسری طرف پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے، اجلاس کی صدارت چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کریں گے، آزاد کشمیر میں نئے قائد ایوان کے حوالے سے اہم فیصلہ متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور، چودھری یاسین اور سردار یعقوب کے ناموں پر غور کیا گیا، پارٹی کی جانب سے باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے ۔

یاد رہے کہ 36ارکان کی حمایت کے دعویٰ کے باوجود پیپلزپارٹی ابھی تک قائدایوان کیلئے نام فائنل نہیں کرسکی ہے اور معاملہ تاخیر کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔

 

 

Scroll to Top