روس کبھی امریکی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا،صدر پیوٹن کا اعلان

ماسکو:روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکی پابندیوں پر رد عمل دیتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں واضح کردیا کہ روس کبھی بھی امریکی دباؤ کے آگے نہیں جھکےگا۔

روسی صدر نے امریکی اقدامات کو غیر دوستانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ روس اور امریکا کے تعلقات کو مزید کمزور کردے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی خود دار ملک دباؤ میں آ کر فیصلے نہیں کرتا تاہم ساتھ ہی صدر پیوٹن نے تسلیم کیا کہ نئی پابندیاں معیشت پر کچھ اثر ڈال سکتی ہیں۔

یاد رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز روس کی 2 بڑی آئل کمپنیوں روزنیفٹ اور لک آئل پر پابندیاں عائد کیں تاکہ کریملن کو یوکرین جنگ ختم کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پیوٹن ، ٹرمپ ملاقات کا فیصلہ کس کا تھا؟ تمہاری ماں کا‘‘ترجمان وائٹ ہائوس صحافی پر برہم

اس حوالے سے امریکی حکام نے اُمید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے روس پر معاشی دباؤ بڑھے گا اور صدر پیوٹن مذاکرات کی میز پر آئیں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کرنا اچھا لگا اس لئے منسوخ کردی ،روس یوکرین جنگ بائیڈن دورمیں شروع ہوئی جسے روکنے کی کوشش کر رہا ہوں، امید ہے پابندیاں پیوٹن کو معقول رویہ اختیار کرنے پر مجبور کریں گی۔

ٹرمپ نے کہا تھا جب بھی پیوٹن سے بات ہوئی ہے اچھی ہوتی ہے، مگر کسی نتیجے تک نہیں پہنچتی، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ روس پر پابندیاں لگانے کا یہ صحیح وقت ہے، اور امید ہے روسی تیل پر عائد پابندیاں زیادہ عرصے تک برقرار رکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کیا اعضا کی پیوندکاری سے موت روکی جا سکتی ہے؟شی جن پنگ اور پیوٹن کی غیر متوقع گفتگو

Scroll to Top