کھوئیرٹہ کا46 سالہ ذہنی معذور کنٹرول لائن کراس کرنے پر مقبوضہ کشمیر میں گرفتار

کوٹلی،کھوئی رٹہ (کشمیر ڈیجیٹل)کھوئی رٹہ سیری کے گاؤں کینٹھی کا رہائشی 46 سالہ ذہنی معذور عبد الرحمان ولد محمد شفیع کنٹرول لائن کراس کر گیا۔

عبد الرحمان عرف پپی ولد محمد شفیع کا ذہنی توازن درست نہیں ، گھر سے لاپتہ ہونے پر سوشل میڈیا پر پوسٹ لگائی گئی تو چتر بارڈرکے رہائشی نے کنٹرول لائن کراس کرنے کی تصدیق کی۔

چیتربارڈر کے شخص کا کہنا تھا کہ عبد الرحمٰن کو خود دیکھا وہ بارڈر کراس کر کے انڈیا کے زیر قبضہ علاقے میں داخل ہو چکا تھا جس پر گھر میں کہرام برپا ہو گیا۔

عبد الرحمٰن کے دو بیٹوں اور ایک بیٹی نے صدرپاکستان ، وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف سے اپیل کی ہے کہ ان کے والد کو واپس لانے کے لئے  اقدامات اٹھائے جائیں۔

ادھر مقبوضہ کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے قریبی ضلع راجوری میں  عبدالرحمان کو گرفتار کیا گیا جس سے راجوری پولیس تھانے میں تفتیش کی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شہری سے کوئی قابل اعتراض چیز برآمد نہیں ہوئی ہے تاہم پولیس نے دعویٰ کیا کہ ایل او سی عبور کرتے وقت وہ نشے کی حالت میں تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر پولیس کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پچھلے سال نوشہرہ سیکٹر میں مسلح دراندازی کی متعدد کوششیں ہوئیں اس لئے عبدالرحمان کو پاکستانی حکام کے سپرد کرنے سے پہلے اس سے مکمل پوچھ گچھ ضروری ہے ۔

یاد رہے کہ  تقسیم سے قبل نوشہرہ آزادکشمیر کے ضلع میرپور کی تحصیل بھمبر کا حصہ تھا جہاں سے عبدالرحمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کچھ دن قبل ایک نوجوان پونچھ سیکٹر سے بھی ایل اوسی کراس کے مقبوضہ کشمیر چلا گیا تھا جسے بھارتی حکام نے پوچھ گچھ کے بعد واپس کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:ایل اوسی کراس کرنے والا نوجوان بھارتی حکام نے واپس کردیا

 

 

Scroll to Top