میرپور(کشمیر ڈیجیٹل )کمشنرمیرپور ڈیژن کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مشاہدے میں آرہا ہے کہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میر پور، ضلعی ہیڈ کوارٹر کوٹلی و ضلعی ہیڈ کوارٹر بھمبر اور جملہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز کے شہروں میں غیر مقامی افراد کی کثیر تعداد روزگار کے سلسلے میں مقیم ہے۔
ایسے غیر مقامی افراد کے کوائف محفوظ نہ ہونے سے متذکرہ علاقوں میں سکیورٹی کے سنگین مسائل جنم لے رہے ہیں اور جرائم میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جن کا تدارک از بس ضروری ہے۔ لہذا اس سلسلے میں بذیل ہدایات دی جاتی ہیں:
ہر ایسا شخص جو آزاد جموں و کشمیر کا مستقل سکونتی نہ ہو، کے لئے لازم ہو گا کہ وہ متعلقہ ضلع میں آمد سے دس (10) ایام کے اندر اندر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے پاس پیش ہو کر اپنی مکمل شناخت کے ساتھ اپنا اندراج (Registration) کروائے گا اور اجازت نامہ برائے کام کاج و کاروبار حاصل کرے گا۔
کسی بھی غیر مقامی شخص کو اجازت نامہ برائے کاروبار کسی معتبر مقامی شخص کی تحریری ضمانت کے بغیر جاری نہیں کیا جائے گا۔ ضمانت مروجہ شرح کے اسلام پر تحریر ہوگا اور مجسٹریٹ درجہ اول کا تصدیق شدہ ہو گا۔ در جداول کا تصدیق شدہ ہوگا۔
ہر غیر مقامی شخص کے لئے لازم ہو گا کہ وہ اپنے آبائی ضلع سے پولیس کا جاری کردہ کریکٹر سرٹیفکیٹ، اجازت نامہ کی اجرائیگی کے وقت پیش کرے جو شامل مسل رہے گا۔
قومی شناختی کارڈ کے بغیر اجازت نامہ جاری نہیں کیا جائے گا۔ شناختی کارڈ کی مصدقہ نقل حاصل کی جا کر مسل میں شامل کی جائے گی۔
تمام تاجران، صنعت کار اور ادارے جن کے پاس غیر مقامی اشخاص لازمت اختیار کریں گے، ایسے تمام ملازمین کے کوائف مرتب کر کے اپنے کاروباری احاطے میں نمایاں جگہ پر آویزاں کریں گے۔ نیز ایسے افراد کے کوائف دفتر ڈپٹی کمشنر میں بھی جمع کروائیں گے۔
حکم ہذا کی روشنی میں رجسٹریشن و اجازت نامہ کی اجرائیگی کا عمل مکمل کرنے کے لئے ایک ماہ کا وقت ہوگا۔ اس طرح آئندہ 10 نومبر 2025 تک جملہ غیر مقامی افراد اجازت نامے حاصل کرنے کے پابند ہوں گے جس کے بعد اجازت نامے حاصل نہ کرنے والے افراد کے خلاف رائج الوقت قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیری طلباء کیلئے بڑی خبر،امریکہ کا مفت تعلیم کا سنہری موقع فراہم کرنے کا اعلان




