اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز ورلڈکپ میں پاکستانی بولر نشرہ سندھو نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کیلئے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف میچ میں نشرہ سندھو نے بہترین اسپیل کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس شاندار کارکردگی کے بعد وہ آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کی تاریخ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بن گئیں۔نشرہ سندھو نے اب تک ورلڈکپ کے 16 میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ سابق کپتان ثنا میر کے پاس تھا، جنہوں نے 18 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کیں۔مزید یہ کہ نشرہ سندھو نے ندا ڈار کا ریکارڈ برابر کرتے ہوئے ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے دوسری سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
ندا ڈار — 108 وکٹیں (112 میچز)
نشرہ سندھو — 108 وکٹیں (صرف 78 میچز)
پاکستان کیلئے ون ڈے فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز تاحال ثنا میر کے پاس ہے، جنہوں نے 120 میچز میں 151 وکٹیں اپنے نام کیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر آزادکشمیر بھر میں اظہار تشکر ریلیاں ، ہزاروں افراد امڈ آئے




