27 سالہ ڈاکٹر مریم شوکت جو پاکستان سے ریذیڈنسی کیلئے امریکا گئی تھیں، جگر کی ناگہانی ناکامی کے بعد نیو جرسی کے روٹگرز یونیورسٹی ہسپتال میں زیرِ علاج رہیں لیکن آج جگر کے ٹرانسپلانٹ سے صرف آدھے گھنٹے قبل انتقال کر گئیں ۔
ڈاکٹر مریم انسانیت کی خدمت اور دوسروں کو شفا دینے کے جذبے کے ساتھ امریکا پہنچی تھیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں اچانک جگر فیل ہونے پر انہیں ہنگامی بنیادوں پر اسپتال میں داخل کیا گیا اور ڈاکٹروں نے فوری ٹرانسپلانٹ کی ضرورت بتائی ۔
ان کے شوہر ڈاکٹر حمزہ ظفر نے پاکستانی ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم APPNA سے مدد کی اپیل کی، جس پر فوراً فنڈ ریزنگ مہم شروع کی گئی اور تقریباً 4 لاکھ ڈالر جمع کیے گئے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی نجومی نے ایشیا کپ فائنل میں پاکستان کی کامیابی کی پیشگوئی کردی
اس تعاون کے نتیجے میں اسپتال نے جگر ٹرانسپلانٹ کے اخراجات تقریباً نصف کر کے 4 لاکھ 50 ہزار ڈالر کر د ئیے۔ ڈاکٹر مریم کا نام ٹرانسپلانٹ لسٹ میں شامل کیا گیا اور موزوں میچ تلاش کیا گیا مگر بدقسمتی سے سرجری سے صرف آدھے گھنٹے قبل ان کی حالت اچانک بگڑ گئی اور وہ وفات پا گئیں ۔
پاکستانی کمیونٹی اور APPNA کے ممبران نے ڈاکٹر مریم کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ، اور ان کا خواب دوسروں کے دلوں میں زندہ رہے گا ۔




