مظفرآباد:وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے اسمبلی میں اپوزیشن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ چیف الیکشن کمشنرآزادکشمیر کا تقرر اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے جلد ہوگا۔
سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی جانب سے پیش کردہ قراردادوں پر بحث میں حصہ لیتے وزیراعظم انوارالحق نے کہا کہ ہمارااخلاقی اور سیاسی تقاضا بھی ہے کہ ایسا نام چنا جائے جو غیر متنازعہ ہو۔ اس حوالے سے قائد حزب اختلاف سے مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارڈیک ہسپتال مظفرآباد میں ڈاکٹرز کی لاپرواہی کی نسبت غیر جانبدار انکوائری کرائی گئی جسکی روشنی میں ذمہ داران کیخلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
موسمیاتی تغیر اور خشک سالی کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئےکابینہ اجلاس میں‘‘ٹاسک فورس’’قائم کی ہے، مہاجرین کی شناخت کو ‘‘شناختی کارڈ’’پر درج کرنے کی رائے بہترین تجویز ہے، اس پر قرارداد سے مکمل اتفاق ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیرمیں ایک لاکھ بچے سکولوں سے ہاہر ہونے کا حکومتی اعتراف
انہوں نے کہا کہ ہمیں روئیے بدلنا ہوں گے،آئین کا بنیادی تقاضا ہے کہ الیکشن میں جانے سے پہلے‘‘حلقہ بندیاں’’مردم شماری اور الیکشن ایکٹ کی بنیاد پر ہوں، مردم شماری کے اعداد و شمار حکومت آزادکشمیر کو اب مل جانے چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں نادرا سے رابطہ کرنا چاہیے ، علاوہ ازیں مہاجرین کی ووٹر لسٹوں کی بھی گھر گھر جا کر تصدیق کرنے کی ضرورت ہے۔ ادارہ شماریات کو مقامی زبان کا خانہ شامل کرنے کی قرارداد بھی بھیجی ہے۔