(کشمیر ڈیجیٹل)نہ بجلی، نہ پانی اور نہ ہی صحت و تعلیم کی سہولیات، مظفرآباد سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گاؤں بٹنارہ کے مکین بالآخر سڑکوں پر نکل آئے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق جدید دور میں بھی گاؤں بٹنارہ میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ تعلیمی ادارے موجود نہیں جبکہ ڈسپنسری میں نہ طبی عملہ ہے اور نہ ہی ادویات دستیاب ہیں۔ اسی طرح بجلی کا نظام بھی بری طرح زبوں حالی کا شکار ہے۔
مظاہرین نے بتایا کہ انہوں نے کئی مرتبہ اعلٰی حکام کو مسائل سے آگاہ کیا مگر برسوں گزرنے کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا، جس کے باعث انہیں مجبوراً احتجاج کرنا پڑا۔ مظاہرین نے واضح کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو وہ شاہراہِ نیلم کو نوسیری کے مقام سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025: پاکستان نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے بچے تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں اور مریضوں کو چارپائیوں اور کاندھوں پر اٹھا کر اسپتال پہنچایا جاتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بٹنارہ میں ڈسپنسری کی عمارت ہونے کے باوجود طبی عملہ گھروں میں بیٹھ کر تنخواہیں وصول کر رہا ہے۔




