آزاد کشمیر میں بارشوں سے تباہی، 23 افرادجاں بحق، متعدد گھر تباہ اور پل متاثر

(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔

ایس ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات اور واقعات میں 23 افراد جاں بحق جبکہ 28 زخمی ہوئے۔ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 290 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے، جب کہ 1668 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ سے 33 پل متاثر ہوئے جبکہ 232 کلو میٹر رابطہ سڑکیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔ ندی نالوں کے بہاؤ میں شدت آنے سے 79 رابطہ پل بہہ گئے اور 169 تعلیمی ادارے بھی نقصان کی زد میں آگئے۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں سے 235 مویشی ہلاک ہوئے جبکہ 17 پن چکیاں (گراٹ) نالوں کی طغیانی میں بہہ گئیں۔ وادی نیلم سمیت مختلف علاقوں میں 15 گاڑیاں بھی پانی کے ریلوں میں بہہ جانے کی اطلاع دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد کے قریب گاؤں بٹنارہ کے مکین سہولیات سے محروم، احتجاج پر مجبور

ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابرآلود ہے۔ رات گئے تک جاری بارش تھم جانے کے بعد گرمی کی شدت اور حبس میں کمی آئی ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

Scroll to Top