اسلام آباد:ملک کے جنوبی حصوں میں گرمی کی لہر ( ہیٹ ویو) جیسی صورتحال کیساتھ محکمہ موسمیات نے ملک کےبالائی میں آج(8اپریل) شام سے 11 اپریل تک آزادکشمیر سمیت بالائی علاقوں میں وقفے وقفے گردآلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی/جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں آج شام کو ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہو گاجو کہ 11 اپریل تک موجود رہے گا۔
آج شام سے11اپریل کے دوران آزادکشمیر (وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور) سمیت چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، کرم، باجوڑ، مہمند، اورکزئی، مری، گلیات، گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس دوران خطہ پوٹھوہار (اسلام آباد/راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، میانوالی اور جہلم) اور شمال مشرقی پنجاب( حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اور شیخوپورہ) میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے اور چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران پنجاب، خیبر پختونخواہ اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں /آندھی چلنے کی بھی توقع ہے۔
ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر
محکمہ موسمیات کے مطابق بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے وسطی اور جنوبی علاقوں میں عوام الناس بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دن کے دوران دھوپ میں کم سے کم نکلا جائے اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔
کاشت کار حضرات اپنی فصلوں کے معاملات موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں اور اپنے جانوروں کو گرم موسم سے محفوظ رکھیں۔