اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں فروخت ہونے والی ادویات میں سے اصل اور جعلی کی فوری پہچان کرنے والی موبائل ایپ کا افتتاح کر دیا۔
اس نئی موبائل ایپلیکیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی تاریخ میں پہلی بار ملک میں تیار ہونے والی 92 ہزار ادویات کا مکمل ڈیٹا نیشنل ڈیٹا بینک میں محفوظ کر لیا گیا ہے جس کے تحت اب عام شہری صرف اپنے موبائل فون کی اسکرین پر رنگ دیکھ کر اصلی اور جعلی دوا کی فوری پہچان کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور کینیا کا صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نے محض 3 ماہ کے قلیل عرصے میں یہ سافٹ ویئر تیار کر لیا تھا تاہم فارماسیوٹیکل انڈسٹری کو قائل کر کے ان کی مینوفیکچرنگ لائنز پر سرمایہ کاری کروانا اور 92 ہزار ادویات کا ڈیٹا یکجا کرنا ایک انتہائی کٹھن مرحلہ تھا۔
مصطفیٰ کمال نے تقریب کو بتایا کہ ابتدا میں اس عمل کو یقینی بنانے کے لیے کوئی قانون موجود نہیں تھا جس پر حکومت نے سخت قانون سازی کی اور ایک حتمی تاریخ مقرر کی کہ اگر مقررہ وقت تک انڈسٹریز نے تعاون نہ کیا تو انہیں سیل کر دیا جائے گا۔
انہوں نے اس کامیابی کا تمام کریڈٹ فارما انڈسٹری کو دیتے ہوئے کہا کہ ”آج اگر کوئی دوا غلط یا ناقص نکلتی ہے تو ہم نہ صرف اس کمپنی بلکہ اس کی متعلقہ مشین اور ٹائمنگ تک پہنچ سکتے ہیں کہ یہ بیچ کس وقت تیار ہو کر مارکیٹ میں گیا۔“
ایپلیکیشن کی افادیت بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے دیہاتوں اور گوٹھوں میں تقریباً 20 کروڑ موبائل فونز موجود ہیں اور جو شہری پڑھنا لکھنا نہیں جانتے وہ بھی اس سسٹم سے باآسانی فائدہ اٹھا سکیں گے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اس سسٹم کو جان بوجھ کر ’ریڈ اور گرین‘ یعنی سرخ اور سبز رنگوں پر مبنی رکھا گیا ہے۔
اگر دوا جعلی ہوگی تو موبائل اسکرین سرخ ہو جائے گی اور اگر اصلی ہوگی تو سبز رنگ ظاہر ہوگا، جس سے کوئی بھی شخص محض رنگ دیکھ کر دوا کے اصلی یا جعلی ہونے کا فیصلہ کر سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں:پولیو کا نیا وار، کرک میں کیس سامنے آگیا، دسمبر میں ملک گیر مہم کا اعلان
مصطفیٰ کمال نے اس منصوبے کی تکمیل پر وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ، سیکرٹری آئی ٹی اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تکنیکی ڈھانچہ وزارتِ آئی ٹی نے فراہم کیا جس کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے ایپلی کیشن کا باقاعدہ افتتاح کیا۔




