بال ٹیمپرنگ تنازع ،عثمان خواجہ نے کرکٹ آسٹریلیا کومعافی مانگنے کی تجویز دیدی

آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ اوپنر عثمان خواجہ نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ تنازع کو ختم کرنے کے لیے پوری آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے اجتماعی ذمہ داری قبول کرنے اور معافی مانگنے کی تجویز پیش کردی ہے۔

عثمان خواجہ نے گریڈ کرکٹر پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو 2018 میں جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران گیند کی حالت غیر قانونی طور پر تبدیل کرنے کے معاملے کی اجتماعی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے تھی۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 12،غیرملکی کھلاڑیوں کی براہ راست سائننگ مکمل،راولپنڈیز کا سب سے مہنگا معاہدہ

 انہوں نے کہا کہ ٹیم کو تسلیم کرنا چاہیے کہ کھلاڑی جانتے تھے کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے، چاہے اس کے لیے سینڈ پیپر استعمال ہوا ہو یا کوئی اور طریقہ کار استعمال ہوا ہو۔

انہوں نے اس سلسلے میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ کو مشترکہ بیان کا مسودہ بھی بھیجا ہے، جس میں ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سے ماضی کے واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

مجوزہ بیان میں اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کی مشکلات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان تینوں کھلاڑیوں نے ٹیم کی خاطر بھاری قیمت ادا کی، جس پر باقی کھلاڑیوں کو افسوس ہے اور وہ ان کے شکر گزار ہیں۔

عثمان خواجہ کے مطابق ٹوڈ گرین برگ نے اس تجویز پر دیگر متعلقہ افراد سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی، تاہم انہوں نے اس بات پر شبہ ظاہر کیا کہ آیا تمام فریق اس مشترکہ بیان پر متفق ہوں گے یا نہیں۔

یہ تنازع ایک بار پھر اس وقت شدت اختیار کر گیا جب عثمان خواجہ نے اپنی سوانح عمری میں 2018 کے واقعے سے متعلق تفصیلات بیان کی تھیں۔ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بعد میں ایک پریس کانفرنس میں بال ٹیمپرنگ سے لاعلمی ظاہر کی تھی، جبکہ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے بھی ان کے مؤقف کی حمایت کی تھی۔ سابق کوچ ڈیرن لی مین نے بھی سینڈ پیپر کے استعمال سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ساؤتھ ایشیئن گیمز ایک بار پھر ملتوی ،4 سال میں چوتھی بار تاریخ تبدیل

خواجہ نے کہا کہ انہیں کمنز کی جانب سے عوامی سطح پر ذاتی تنقید کا سامنا کرنا پڑنے پر دکھ ہوا، کیونکہ وہ انہیں ایک اچھا انسان اور قائد سمجھتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کبھی نہیں چاہتے تھے کہ کمنز کپتانی چھوڑیں، بلکہ انہیں امید تھی کہ وہ اس معاملے پر ٹیم کو متحد کرنے میں کردار ادا کریں گے۔

خواجہ نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت ان کی پیٹ کمنز سے زیادہ بات چیت نہیں ہو رہی، تاہم انہیں اب بھی امید ہے کہ کمنز مستقبل میں تمام کھلاڑیوں کو ایک مؤقف پر متحد کر سکتے ہیں۔