کراچی(کشمیر ڈیجٹیل )پاکستان اور کینیا نے صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچانے، طبی تعلیم، تحقیق اور معیاری علاج کی سہولیات کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں اشتراک بڑھانے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، اس سلسلے میں کینیا کے وزیر صحت کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے آغا خان یونیورسٹی کراچی کا دورہ کیا، جہاں طبی شعبے می استفادے کا جائزہ لیا گیا
اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کینیا کے وزیر صحت سے اہم ملاقات کی، جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بھی شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیرصحت کا شارٹ، مڈ اورلانگ ٹرم پلان آف ایکشن طے کرنےکافیصلہ
ملاقات کے دوران آغا خان یونیورسٹی کی طبی تعلیم، تحقیق، جدید علاج اور مریضوں کی دیکھ بھال کے شعبوں میں خدمات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے پاکستان اور کینیا کے درمیان صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے، طبی شعبے میں تجربات کے تبادلے اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کینیا ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے صحت کی سہولیات کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں :3.24 کروڑ پاکستانی ذہنی امراض، 1.29 کروڑ ہیپاٹائٹس کا شکار، وزارت قومی صحت
وفاقی وزیر صحتنے کہا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ممکن ہوگا، جبکہ حکومت پاکستان صحت کے شعبے کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
ملاقات میں بتایا گیا کہ آغا خان یونیورسٹی طبی تعلیم، تحقیق اور مریضوں کی دیکھ بھال میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستان سمیت مشرقی افریقہ میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے بھی خدمات انجام دے رہی ہے۔
پاکستان اور کینیا کے درمیان اس پیش رفت کو طبی شعبے میں باہمی روابط کے فروغ اور مستقبل میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔




