چین اور پاکستان کے خلا باز ایک ہی خواب ،ایک ہی منزل کے ساتھی بن چکے ، چینی سفارتخانے کا پیغام

اسلام آباد: پاکستان کے پہلے خلا باز کے خلا میں جانے پر چینی سفارتخانے نے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے پاک چین دوستی اور دونوں ممالک کے مشترکہ خلائی عزم کو شاندار انداز میں اجاگر کیا ہے۔

چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری پیغام کے ساتھ ایک مختصر ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں موسیقی کے ذریعے پاکستان اور چین کی دوستی، مشترکہ خوابوں اور خلائی تعاون کا خوبصورت اظہار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:24 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں ساتھ لے کر خلا میں جا رہا ہوں، خلابازذیشان علی

ترجمان چینی سفارت خانے کے مطابق چین اور پاکستان کی دوستی کا ایک نیا رنگ سامنے آیا ہے، جہاں خلا سے موسیقی تک دونوں ممالک کے مشترکہ خواب ایک خوبصورت نغمے میں ڈھل گئے ہیں۔

چینی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چینی اور پاکستانی خلا بازوں نے اپنے مشترکہ خوابوں کو ایک خوبصورت نغمے کی صورت دی ہے جو دونوں ممالک کے خلا بازوں کی ایک ساتھ تربیت سے لے کر خلائی سفر تک کی مشترکہ کہانی بیان کرتا ہے۔

چینی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق چین اور پاکستان کے خلا باز ایک ہی خواب اور ایک ہی منزل کے ساتھی بن چکے ہیں، زبانوں اور پہاڑوں کی سرحدیں بھی پاک چین دوستی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:صدر،وزیراعظم کی ذیشان علی کے خلائی سفر پر قوم کو مبارکباد

ترجمان نے مزید کہا کہ مشترکہ احساسات اور خوشیاں پاک چین دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنا رہی ہیں، ایک نغمہ اور ایک خواب دونوں ممالک کی لازوال دوستی کا خوبصورت اظہار ہے۔

 یہ پیغام امن، تعاون اور روشن مستقبل کے لیے چین اور پاکستان کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔