پشاور ( کشمیر ڈیجٹیل )پشاور کے کرکٹ شائقین کیلئے بڑی خوشخبری، پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار ایونٹ کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں منعقد ہوگا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بڑا اعلان کردیا۔
پاکستان سپر لیگ کے بارہویں ایڈیشن کا آغاز ایک نئے اور تاریخی انداز میں ہوگا، جب کرکٹ کے سب سے بڑے ملکی میلے کی رونقیں پہلی مرتبہ پشاور میں سجیں گی۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل 12 کی افتتاحی تقریب اور ایونٹ کا پہلا میچ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد میں پہلا تھیم پارک بنانے کیلئے سعودی سرمایہ کاروں سے معاہدہ،ایف نائن پارک سے ایک درخت بھی نہیں کٹے گا، محسن نقوی
پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مارچ 2027 میں شروع ہونے والے پی ایس ایل کے بارہویں ایڈیشن کا آغاز پشاور سے ہوگا۔
صرف افتتاحی تقریب اور پہلا میچ ہی نہیں بلکہ شہر میں مزید مقابلے بھی کرائے جائیں گے، جن کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پشاور زلمی اور اس کے مالک جاوید آفریدی کی بھی پہلے دن سے خواہش تھی کہ پی ایس ایل کے میچز پشاور میں ہوں، جبکہ گورنر خیبرپختونخوا بھی مسلسل صوبے میں کرکٹ کی بحالی کے لیے بات کرتے رہے ہیں۔
محسن نقوی نے پشاور اور خیبرپختونخوا کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اگر کل ہی ٹکٹوں کی فروخت شروع کردی جائے تو وہ ایک ہی دن میں فروخت ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پشاور میں کرکٹ کی بحالی کے لیے تفصیلی کام کیا گیا ہے اور اس حوالے سے بھی جلد اہم اعلان کیا جائے گا
یہ بھی پڑھیں :خیبر پختونخوا: ایمرجنسی کا فیصلہ صوبے کے مشکل حالات دیکھ کر کرنا پڑا،محسن نقوی
چیئرمین پی سی بی کے مطابق 31 دسمبر کو پشاور میں آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا، جبکہ جنوری میں تین ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ بھی شہر میں منعقد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے پاکستان کرکٹ کو کئی بڑے اسٹارز دیے ہیں۔ امید ہے کہ صوبے میں کرکٹ کو مزید فروغ دینے اور نظام کو بہتر بنانے سے یہاں سے مزید باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس فیصلے کے پیچھے کوئی سیاسی وجہ نہیں تھی۔قبائلی اضلاع میں کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ وہاں ایک الگ کرکٹ اکیڈمی قائم کی جارہی ہے۔ اکیڈمی کے مقام کے تعین پر کام جاری ہے اور آئندہ 15 روز میں اسے حتمی شکل دے کر باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔




