پشاور،عمران خان اسٹیڈیم کا نام پھر تبدیل، نیا نام ’ارباب نیاز خان‘ کون ہیں؟

پشاور ( کشمیر ڈیجٹیل ) پشاور کے تاریخی کرکٹ اسٹیڈیم کے نام پر ایک بار پھر بڑا فیصلہ، عمران خان کے نام سے منسوب میدان کو دوبارہ ’ارباب نیاز اسٹیڈیم‘ بنانے کا اعلان کردیا گیا

 آخر ارباب نیاز کون تھے اور ان کے نام سے اسٹیڈیم منسوب کرنے کی وجہ کیا تھی؟ جانیے اس تاریخی فیصلے کی مکمل کہانی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور کے تاریخی عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام دوبارہ تبدیل کرکے ارباب نیاز اسٹیڈیم رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

 شاہی باغ میں واقع یہ اسٹیڈیم تقریباً چار دہائیوں تک اسی نام سے پہچانا جاتا رہا، تاہم فروری 2025 میں صوبائی حکومت نے اس کا نام تبدیل کرکے سابق وزیراعظم اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کے نام پر رکھ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں :پی ایس ایل 12 کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں کرانے کا اعلان

ارباب نیاز محمد خان پشاور کی اہم سیاسی اور انتظامی شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔ وہ 1979 میں پشاور کے پہلے میئر منتخب ہوئے، جبکہ بعد ازاں وفاقی وزیر برائے ثقافت، کھیل اور سیاحت بھی رہے۔ انہیں کرنل ارباب نیاز کے نام سے بھی پہچانا جاتا تھا۔

شاہی باغ میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ ان کے دور میں آگے بڑھا اور 1984 میں اسٹیڈیم مکمل ہوا۔ اکتوبر 1987 میں ان کے انتقال کے بعد پشاور میونسپل کارپوریشن نے قرارداد کے ذریعے اسٹیڈیم کا نام ان سے منسوب کردیا۔

ارباب نیاز اسٹیڈیم پاکستان کے اہم بین الاقوامی کرکٹ میدانوں میں شمار ہوتا رہا۔ یہاں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ سمیت کئی بڑی ٹیموں نے میچز کھیلے۔

 فروری 2006 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ون ڈے میچ اس میدان کا آخری بین الاقوامی مقابلہ ثابت ہوا۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ 2026ء جیت لیا،آزادکشمیر کے کھلاڑی شامل

فروری 2025 میں خیبرپختونخوا حکومت نے اسٹیڈیم کا نام عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم رکھنے کی منظوری دی، جس پر ارباب خاندان نے اعتراض کیا۔ معاملہ پشاور ہائی کورٹ بھی پہنچا اور مارچ 2026 میں عدالت نے صوبائی حکومت سے جواب طلب کیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کے مطابق اسٹیڈیم کا نام تاریخی ورثے کے تحفظ اور کھیلوں کے فروغ میں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بحال کیا جا رہا ہے۔