باغ (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کے متوقع دورہ باغ کے پیش نظر سیاسی و انتظامی سرگرمیاں تیز، دورے کو یادگار بنانے کیلئے استقبالیہ انتظامات، عوامی شرکت اور دیگر امور کو حتمی شکل دینے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
وزیر فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ سردار میر اکبر خان کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں بلدیاتی نمائندگان اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر کارکنان نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے دورہ باغ کے حوالے سے مختلف انتظامی امور، استقبال کی تیاریوں اور عوامی سطح پر بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
شرکاء نے دورے کو منظم اور کامیاب بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں، جبکہ مختلف ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئیں تاکہ تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں :ریاستی تعمیر و ترقی،عوامی خوشحالی کے منصوبے مکمل کریں گے،وزیراعظم گیلانی
وزیر فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ سردار میر اکبر خان نے کہا کہ وزیراعظم افتخار گیلانی کا دورہ باغ خطے کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کے حل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔
وزیر حکومت نے کہا کہ اس دورے سے علاقے کے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ترقیاتی ضروریات کو حکومتی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کرنے کا موقع ملے گا۔
سردار میر اکبر خان نے کہنا کہ باغ کے عوام اپنے قائد کا بھرپور اور تاریخی استقبال کریں گے۔ انہوں نے بلدیاتی نمائندگان اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان پر زور دیا کہ وہ باہمی رابطے، مشاورت اور منظم حکمت عملی کے تحت استقبال سمیت تمام انتظامات مکمل کریں۔
یہ بھی پڑھیں :باغ میں شجرکاری مہم کا آغاز، سرکاری اراضی پر کئے گئے تمام قبضے ختم کرا دیئے، سردار میراکبر
وزیر حکومت نے مزید کہا کہ عوامی خدمت، تعمیر و ترقی اور خوشحال باغ کا مشن اجتماعی کوششوں سے آگے بڑھایا جائے گا۔
وزیراعظم کا دورہ علاقے کی ترقیاتی ترجیحات اور عوامی توقعات کے حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دورے کے انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔




