تعلیمی اداروں میں  سگریٹ نوشی کی روک تھام کیلئے سی سی ڈی کے چیکنگ پوائنٹس قائم

کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی)  پنجاب نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال اور طلبہ میں سگریٹ و ویپنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کی روک تھام کے لیے نئی مہم شروع کردی ہے۔

مہم کے تحت مختلف تعلیمی اداروں کے باہر سی سی ڈی کے ویپ اور سگریٹ چیکنگ پوائنٹس قائم کردئیے گئے ہیں جہاں سی سی ڈی کی ٹیمیں تعینات ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر کا رات گئے گڑھی دوپٹہ ہسپتال کا دورہ، طبی سہولیات اور عملے کی حاضری کا جائزہ

لاہور میں طلبہ کو تعلیمی اداروں میں داخلے سے قبل اپنے بیگز کی تلاشی کروانا ہوگی۔ سی سی ڈی اہلکار مختلف مقامات پر چیکنگ پوائنٹس قائم کرکے طلبہ کے بیگز کی تلاشی لیں گے۔

 کسی طالب علم کے بیگ سے ویپ یا سگریٹ برآمد ہونے کی صورت میں سی سی ڈی اہلکار انہیں اپنی تحویل میں لے لیں گے۔

اس کارروائی کا مقصد تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو سگریٹ نوشی اور ویپنگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔

حکام کے مطابق تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال، خرید و فروخت اور ترسیل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 اس سے قبل بھی سی سی ڈی تعلیمی اداروں کی نگرانی اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتا رہا ہے، جبکہ موجودہ مہم اسی سلسلے کی توسیع ہے۔

سی سی ڈی کی یہ مہم والدین، اساتذہ اور طلبہ کے لیے بھی ایک اہم پیغام ہے کہ تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک رکھنے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹ بھرنے کے باوجود کھانے کی خواہش کیوں ہوتی ہے؟اہم وجوہات جانیں

شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کی نشاندہی کے لیے تعاون کریں تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔

پنجاب کے بعد یہ مہم دیگر صوبوں میں بھی شروع کئے جانے کا امکان ہے کیونکہ تعلیمی اداروں میں منشیات اور سگریٹ نوشی کارجحان کافی حد تک بڑھ چکا ہے۔