آزادکشمیر کے سپوت سردار گل غیاث سی پی او راولپنڈی تعینات، جرائم کنٹرول کرنے کا عزم

آزاد کشمیرکے ضلع راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر سردار گل غیاث سی پی او راولپنڈی تعینات کر دیئے گئے ، ڈاکٹر سردار گل غیاث کی وجہ شہرت ان کا دبنگ سٹائل اور کرائم کو کنٹرول کرنا ہے۔

ڈاکٹر غیاث گل اس سے قبل بھی راولپنڈی میںڈیوٹی سر انجام دے چکے ہیں ،چارج سنبھالنے کیساتھ ہی انہوں نے یادگارشہداء پر حاضری دی اور پولیس کے دستے نے انہیں سلامی دی۔

یہ بھی پڑھیں:نوازشریف کی آزادکشمیر میں حکومتی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت،کابینہ میں توسیع کا فیصلہ

  سی پی او راولپنڈی ڈاکٹر سردار غیاث گل نے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں کھلی کچہری بھی لگائی،شہریوں کی شکایات سن کر ان کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔

سی پی او نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مارک کردہ درخواستوں پر دئیے گئے ٹائم فریم میں قانونی کارروائی کرکے رپورٹ پیش کی جائے،
شہریوں کی شکایات کا بروقت اور موثر ازالہ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

سی پی اوکا کہناتھا کہ سروس ڈیلیوری میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، پولیس شہریوں کے تحفظ، خدمات کی فراہمی اور بہتر ین سروس ڈیلیوری کویقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کررہی ہے۔

سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل نے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا نمائندگان سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ جرائم کی روک تھام میں میڈیا کلیدی کردار ادا کرسکتاہے،میرٹ اور صرف میرٹ کی پالیسی کو یقینی بنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:حویلی کا بڑااعزاز،فریال شہزاد راٹھورانسپکٹران لینڈ ریونیوتعینات

انہوں نے کہا کہ تھانوں میں شہریوں کے مسائل کا حل اور انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے،منشیات کے خلاف کھلی جنگ ہے،فحاشی کے اڈوں اور جوئے کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے گا،کوشش ہوگی جرائم اور منشیات کے خلاف موثر کارروائیاں کی جائیں،میڈیا اور شہریوں کے تعاون سے پولیسنگ کو بہتر بنائیں گے۔