ٹرمپ

ایران سے ایسا معاہدہ کرونگا کوئی نااہل صدر بھی آ جائے تو برقرار رہے، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ایک ایسا دیرپا اور مستقل معاہدہ کرنا چاہتے ہیں جو مستقبل میں تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روک سکے اور آئندہ برسوں میں کسی نااہل امریکی صدر کے اقتدار میں آنے کے باوجود برقرار رہے۔

 امریکی نشریاتی ادارے ’فاکس نیوز کو دئیے گئے ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایسا معاہدہ ترتیب دے رہے ہیں کہ اگر 4 سال، 15 سال یا 20 سال بعد کوئی نااہل صدر بھی اقتدار میں آ جائے تو یہ معاہدہ مستقل طور پر قائم رہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا کو ایران سے معاہدے کی ضرورت نہیں، ٹرمپ کا دوٹوک اعلان

انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کر سکے۔

ایران کی قیادت اور نظام حکومت سے متعلق سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں ایران میں برسرِ اقتدار نظام سے کبھی زیادہ دلچسپی نہیں رہی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اس سے قبل بھی دو حکومتوں کا خاتمہ کر چکے ہیں تاہم انہوں نے اس بیان کی مزید وضاحت کرنے سے گریز کیا۔

واضح رہے کہ فروری 2026 میں جنگ کے آغاز پر ایران پر ہونے والے ابتدائی حملوں میں سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے بعد سے ان کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای اس منصب پر فائز ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کے ساتھ  جنگ عملی طور پر ختم ہوچکی : صدر ٹرمپ

امریکی صدر نے ایرانی حکام کے ساتھ مذاکرات کے عمل کو انتہائی مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ معاہدہ کرنا بہت دشوار ہے کیونکہ فریقین معاہدہ کرتے ہیں اور وہ اگلے ہی روز اس کی خلاف ورزی کر دیتے ہیں۔

انٹرویو کے دوران امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے حساس ڈیٹا بیس تک ہیکرز کی مبینہ رسائی کی اطلاعات پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ اچھی بات نہیں ہے اور انہیں اس واقعے کی اطلاع ابھی ملی ہے۔