مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل) مہاجرین ورکنگ کمیٹی کے سرپرستِ اعلیٰ چوہدری فیروز الدین کی قیادت میں وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی سے ملاقات میں بڑے مطالبات پیش کر دیئے ہیں۔
مہاجرین ورکنگ کمیٹی کے سرپرستِ اعلیٰ چوہدری فیروز الدین کی قیادت میں مہاجرین جموں و کشمیر 1989ء کے ایک وفد نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی سے ملاقات کی اور مہاجرین کے دیرینہ مسائل، آبادکاری اور آئینی و قانونی حقوق کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
یہ بھی پڑھیں:ریاستی تعمیر و ترقی،عوامی خوشحالی کے منصوبے مکمل کریں گے،وزیراعظم گیلانی
اس موقع پر چوہدری فیروز الدین نے وزیراعظم کو بتایا کہ مہاجرین جموں و کشمیر اس دھرتی کے لٹے پٹے اور بے گھر ہونے والے آپ کے بھائی ہیں مگر 38 سال گزرنے کے باوجود ان دس ہزار خاندانوں کی باقاعدہ آبادکاری کا مسئلہ حل نہیں ہو سکا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ذریعے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں داخلوں کے لیے مہاجرین 1989ء کا 6فیصد کوٹہ ازسرنو منظور کرکے اسے قانونی تحفظ فراہم کرے جبکہ دس ہزار مہاجر خاندانوں کی مستقل آبادکاری کے لیے بھی خصوصی کوٹہ مختص کیا جائے۔
چوہدری فیروز الدین نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں ریاست کے عوام اور مہاجرین 1947ء کی باقاعدہ نمائندگی موجود ہے تاہم 1989ء میں ہجرت کرنے والے مہاجرین آج تک اسمبلی میں مؤثر نمائندگی سے محروم ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ مہاجرین جموں و کشمیر 1989ء کے لیے قانون ساز اسمبلی میں جموں اور وادی کشمیر کی نمائندگی کے لیے ایک ایک نشست مختص کی جائے تاکہ ان کے سیاسی، آئینی، معاشی اور آبادکاری کے مسائل مؤثر انداز میں ایوان کے اندر اٹھائے جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت100روزہ پلان پرعملدرآمد کیلئے تیار ہے،وزیراعظم گیلانی
ان کے ہمراہ وفد میں قاسم قریشی، میاں محمد یوسف ، عبد الحمید لون ، عبدالرحمن شیخ ، نصیر خان ، چوہدری جمال الدین، محمد نصیر خان کرناہی ، ایڈووکیٹ محمد وسیم خان ، سید نظر حسین شاہ ، قاری محبوب قریشی، محمد امین بٹ ، محمد امین بٹ ، نزیر احمد بٹ ، محمد اشرف میر، یعقوب بھٹی ، محمد مشتاق مغل ، محمد معروف خان اور دیگر زمہ داران وفد میں شریک تھے ۔




