حکومت100روزہ پلان پرعملدرآمد کیلئے تیار ہے،وزیراعظم گیلانی

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل )وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نےاپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کا دورہ آزاد کشمیر ، کشمیری عوام کیلئے حوصلہ افزا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت کی تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ  آمد سے لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حویلی کابڑااعزاز،فریال شہزادراٹھور انسپکٹران لینڈ ریونیو تعینات

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کا آزاد کشمیر میں بیٹھ کر یہاں کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات پر بات کرنا حوصلہ افزا رہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت کشمیری عوام کے مسائل اور ضروریات سے بخوبی آگاہ ہے مسائل کا حل انکی ترجیحات میں شامل ہے۔

اپنے ایک خصوصی بیان میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت کے 100 روزہ ترقیاتی پلان کے حوالے سے ہونے والا اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل تھا۔

انہوں نے کہ اکہ سو روزہ پلان کے تحت صحت، تعلیم، سیاحت، ٹرانسپورٹ، رہائش اور نوجوانوں کے روزگار سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحاتی عمل کا آغاز کرنے جارہے ہیں تاکہ عوام کی مشکلات کم اور آزاد کشمیر میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو۔

مزید یہ بھی پڑھیں:رٹھوعہ ہریام برج پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے کھول دیا، تقریب کا اہتمام

انہوں نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، قائد نواز شریف، اسحاق ڈار ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کے تعاون سے آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

ہماری ترجیح سیاست سے بالاتر ہو کر عوامی خدمت، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور ریاست کے ہر علاقے تک ترقی کے ثمرات پہنچانا ہے۔

وزیراعظم افتخار گیلانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اپنے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کیلئے تیار ہے،اس پلان کے ذریعے عوام سے کئے گئے وعدوں کو عملی شکل دے گی۔