فیلڈ مارشل عاصم منیر کا میران شاہ کا دورہ، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم دہرا دیا

میران شاہ (کشمیر ڈیجیٹل) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا جہاں انہیں علاقے کی سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میران شاہ پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سے قطری وزیر داخلہ کی ملاقات، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو شمالی وزیرستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور دہشتگردی کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ انہیں علاقے میں دیرپا امن و استحکام یقینی بنانے کی حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ تربیت، آپریشنل تیاری اور ملکی دفاع و سلامتی کیلئے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خیبر پختونخوا پولیس کی بہادری اور قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے دہشتگردی اور فتنۃ الخوارج کے خلاف جنگ میں صف اول کی فورس قرار دیا۔ انہوں نے پولیس کی ثابت قدمی اور دہشتگردی کے خلاف جدوجہد پر فخر کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ فیلڈ مارشل کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ 14 نومبر کو میر علی، دتہ خیل اور علی خیل میں کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج کے 16 دہشتگرد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:تربت کا دورہ، پاک فوج امن ، خوشحالی اور پائیدار ترقی کیلئے بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قریبی رابطے اور باہمی تعاون سے دہشتگردی کا فیصلہ کن خاتمہ کریں گے اور خیبر پختونخوا میں بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے۔