افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی خطے اور عالمی امن کیلئے خطرہ ہے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی سربراہ سانیتا پاولیوٹا ڈیس لینڈیس نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی کے باعث رکن ممالک کو سنگین سکیورٹی خطرات کا سامنا ہے جبکہ داعش خراسان اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) خطے کے امن و استحکام کیلئے بڑا چیلنج بن چکی ہیں۔

سلامتی کونسل میں افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ داعش خراسان نے افغانستان سے باہر اپنے اثر و رسوخ اور سرگرمیوں کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے جبکہ تحریک طالبان پاکستان ایک سنگین دہشتگرد خطرے کے طور پر سامنے آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دستیاب اطلاعات کے مطابق دہشتگرد گروہوں کو افغان طالبان کی جانب سے لاجسٹیکل اور آپریشنل معاونت حاصل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹی پی نے افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں متعدد مہلک حملے کئے ہیں، جس سے خطے کی سکیورٹی صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے۔

اجلاس کے دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید حیدر شاہ نے عالمی برادری کی توجہ بدلتے ہوئے دہشتگردی کے خطرات کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں اقوام متحدہ کے انسدادِ دہشتگردی کے نظام میں اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ عالمی سطح پر دہشتگردی کے نئے رجحانات اور خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ کے متعلقہ نظام کو مزید فعال، مؤثر اور مربوط بنانے کی ضرورت ہے۔

پاکستان نے اس موقع پر دہشتگردی کے خلاف عالمی تعاون کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے مؤثر اقدامات کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

سلامتی کونسل میں سامنے آنے والے ان بیانات نے افغانستان میں موجود دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیوں اور ان کے علاقائی و عالمی اثرات کے حوالے سے ایک بار پھر اہم سوالات اٹھا دیے ہیں۔