چکار، گرلز پرائمری سکول کیسر کوٹ میں تعلیمی مسائل فوری حل کرنے کا مطالبہ

ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل) گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کیسر کوٹ تحصیل چکار میں اساتذہ کی مبینہ غیر حاضری، تدریسی عملے کی کمی و محدود تعلیمی سرگرمیوں کے باعث طالبات کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگ گیا۔ 

صورت حال پر والدین نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کو فوری طور پر اقدامات کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے بصورت دیگر سکول کو تالے لگانے اور بچیوں کو سکول سے اُٹھانے کی دھمکی دے دی۔

والدین کے مطابق سکول میں اساتذہ کے تبادلے ہر دو ماہ بعد معمول بن چکے جس کے باعث تعلیمی سرگرمیاں مسلسل متاثر ہو رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:میرپور چیمبر کے اعلیٰ سطحی وفد کی  وفاقی وزیرریلوے حنیف عباسی سے اسلام آباد میں ملاقات

ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں سکول میں صرف ایک ٹیچر حاضر ہوتی ہیں  جو تمام جماعتوں کی طالبات کو پڑھانے کی ذمہ داری نبھا رہی ہیں جبکہ ایک معلمہ کیلئے تمام جماعتوں کو مؤثر انداز میں پڑھانا ممکن نہیں۔

والدین نے الزام عائد کیا کہ بیشتر اساتذہ مظفرآباد میں رہائش پذیر ہیں اور مبینہ طور پر صبح 9 سے 10 بجے کے درمیان سکول پہنچتے ہیں جبکہ طالبات کو 11 سے 12 بجے کے درمیان ہی چھٹی دے دی جاتی ہے۔

ان کے مطابق یوں طالبات کو روزانہ صرف دو سے تین گھنٹے تعلیمی سرگرمیوں کا موقع ملتا ہے جو معیاری تعلیم کے تقاضوں کے منافی ہے۔

والدین کا کہنا ہے کہ اساتذہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل اور تعلیم  کیلئے شہروں میں رہائش اختیار کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم دور دراز علاقوں میں زیر تعلیم بچیوں کے تعلیمی مستقبل اور بنیادی ضروریات کو نظر انداز کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

والدین کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں کے بچوں کو بھی معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا محکمہ تعلیم کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

والدین نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ سکول کا فوری معائنہ کرکے اساتذہ کی حاضری، تدریسی اوقات اور تعلیمی سرگرمیوں کی شفاف جانچ پڑتال کی جائے اور سکول میں مستقل بنیادوں پر مطلوبہ تدریسی عملہ تعینات کیا جائے تاکہ طالبات کا مزید تعلیمی نقصان روکا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:اردو ادب کے عظیم انقلابی شاعر فیض احمد فیض کو دنیا سے رخصت ہوئے 42 برس بیت گئے

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سکول کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے فوری عملی اقدامات نہ  کئے گئے تو وہ اپنی بچیوں کو سکول سے اٹھانے اور سکول کو تالے لگانے سمیت احتجاجی اقدامات کرنے پر مجبور ہوں گے۔

علاقہ مکینوں اور والدین نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ معاملے کو محض ایک سکول کا انتظامی مسئلہ سمجھ کر نظر انداز نہ کیا جائے بلکہ اسے علاقے کی بچیوں کے تعلیمی مستقبل کا معاملہ سمجھتے ہوئے فوری نوٹس لیا جائے تاکہ دور دراز علاقوں کی طالبات بھی تعلیم کے یکساں اور معیاری مواقع سے محروم نہ رہیں۔