مصنوعی ذہانت کی معروف امریکی کمپنی اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں شمولیت نے اس کے ملازمین کی مالی حالت یکسر تبدیل کر دی، کمپنی کے تقریباً 96 فیصد ملازمین کروڑ پتی بن گئے جبکہ سیکڑوں ملازمین کے حصص کی مالیت 10 کروڑ ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی نے اپنے حصص کی ابتدائی قیمت 83 ڈالر فی شیئر مقرر کی، جس کے نتیجے میں ملازمین کے پاس موجود حصص کی مالیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:آئی فون پر 25 فیصد ڈسکاؤنٹ کا جھانسہ، سائبر سیکیورٹی کمپنی نے پاکستانیوں کو خبردار کر دیا
کمپنی میں ستمبر 2026 تک ملازمین کی تعداد تقریباً 5 ہزار 300 تھی، جن میں سے لگ بھگ 5 ہزار 100 ملازمین کے حصص کی مالیت 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہو گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 2 ہزار 800 ملازمین کے حصص ایک کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے ہیں، جبکہ لگ بھگ 600 ملازمین ایسے ہیں جن کے حصص کی مجموعی مالیت 10 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔
نجی کمپنیوں کے حصص کی مالیت کا تخمینہ لگانے والے ادارے ہِل ڈاٹ کام کے مطابق اینتھروپک کے ملازمین نے انتہائی مختصر عرصے میں غیر معمولی مالی کامیابی حاصل کی ہے۔
کمپنی کے ملازمین کو اندرونی طور پر ’’اینٹس‘‘ کہا جاتا ہے۔ادارے کے بانی اینڈریو بینسن کا کہنا ہے کہ حیران کن امر یہ ہے کہ اتنے کم عرصے میں ملازمین کی دولت میں اس قدر اضافہ ہوا۔
کمپنی کی تیز رفتار ترقی نے ملازمین کو ادارے کے ساتھ وابستہ رہنے کی ترغیب دی، جس سے انہیں حصص کی بڑھتی ہوئی مالیت کا فائدہ پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں:عمرہ زائرین کو غیرقانونی رہائش دینے پر 8 کمپنیوں کیخلاف سخت ایکشن
واضح رہے کہ اینتھروپک کا قیام 2021 میں عمل میں آیا تھا اور 2024 کے اختتام پر کمپنی کے ملازمین کی تعداد ایک ہزار سے بھی کم تھی، جو چند برسوں میں بڑھ کر 5 ہزار 300 سے تجاوز کر گئی۔
ٹیکنالوجی کی صنعت میں ملازمین کو تنخواہ کے علاوہ کمپنی کے حصص دینے کا طریقہ پہلے سے رائج ہے، تاہم اینتھروپک کے معاملے میں نمایاں بات یہ ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں شمولیت کے بعد بعض ملازمین کو اپنے حصص کا کچھ حصہ فروخت کرکے فوری مالی فائدہ حاصل کرنے کا موقع بھی ملا۔




