فیلڈ مارشل سے قطری وزیر داخلہ کی ملاقات، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل)  پاکستان اور قطر کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت

 چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے ملاقات کی،دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ملاقات میں سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے، انسداد دہشت گردی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :تربت کا دورہ، پاک فوج امن ، خوشحالی اور پائیدار ترقی کیلئے بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، فیلڈ مارشل

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، دفاعی و سکیورٹی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

 دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور ادارہ جاتی تعاون کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جائے گا۔
ملاقات کے دوران قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے خطے میں امن و استحکام کے قیام اور فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ 

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قطر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور روابط کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ہہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر سے برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، سکیورٹی صورتحال پرتبادلہ خیال

فیلڈ مارشل نے کہا کہ موجودہ علاقائی و عالمی سکیورٹی صورتحال میں مشترکہ چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے قریبی تعاون اور باہمی روابط انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور قطر کے درمیان سکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔

 دونوں برادر ممالک خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں۔