باغ (کشمیر ڈیجٹیل) محکمہ صحت میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری اور طبی عملے کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو یقینی بنانے کیلئےاقدامات شروع۔
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ (ڈینٹل) ڈاکٹر صائمہ خان متحرک، ضلع باغ کے مختلف ہسپتالوں کے دورے کے دوران ڈینٹل شعبے کی سہولیات، عملے کی حاضری اور مریضوں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی جی نے سرکاری ملازمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے طبی عملے کی محنت اور قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :بچوں کی صحت کے تحفظ کیلئےمحکمہ صحت کا بڑا اقدام، کوٹلی میں خصوصی مہم شروع
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ (ڈینٹل) ڈاکٹر صائمہ خان نے دھیرکوٹ، ارجہ اور باغ کے ہسپتالوں کا دورہ کیا، شعبہ ڈینٹل میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اورانتظامی امور کا مشاہدہ کیا۔دورے کے دوران ڈاکٹر صائمہ خان نے سیسر میں ٹیکنیشن تبسم شاہ کی مدتِ ملازمت مکمل ہونے پر منعقدہ الوداعی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ڈاکٹر صائمہ خان نے کہا کہ سرکاری ملازمت محض ایک پیشہ یا ذمہ داری نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور دکھی انسانیت کی تکالیف کم کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
محکمہ صحت سے وابستہ ملازمین اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ مریضوں کی دیکھ بھال اور عوامی خدمت میں صرف کرتے ہیں، جو قابلِ تحسین اور لائقِ احترام ہے۔
ٹیکنیشن تبسم شاہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دورانِ ملازمت جس محنت، لگن، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیے، وہ قابلِ قدر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :نیلم :محکمہ صحت کی کارکردگی کا اعتراف، افسران کو شیلڈز سے نواز ا گیا
کسی بھی ادارے کی کامیابی میں اس کے ہر ملازم کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور دیانت داری سے انجام دی گئی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جاتی ہیں۔
ڈاکٹر صائمہ خان نے مزید کہا کہ ملازمت سے سبکدوشی عملی زندگی کے ایک اہم باب کا اختتام ضرور ہے، تاہم انسان کی محنت، خلوص اور عوامی خدمت کے اثرات ہمیشہ باقی رہتے ہیں۔
ڈاکٹر صائمہ خان نے مزید کہا کہ ریٹائرمنٹ ملازمت کا اختتام ضرور ہے، لیکن انسان کی خدمات، تجربات اور اچھے اخلاق ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہتے ہیں۔
محکمہ صحت کے افسران اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور خلوصِ نیت سے ادا کریں۔
ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کے ساتھ حسنِ سلوک، بروقت علاج اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
دورے کے دوران شعبہ ڈینٹل کے طبی عملے سے ملاقاتیں بھی کیں اور ہسپتالوں کے انتظامی و طبی امور کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔
ڈی جی نےاس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ صحت کے اداروں کی بہتری اور عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔




