باغ (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) باغ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے بلاامتیاز آپریشن جاری،ضلعی انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔
ٹریفک روانی میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات فوری ختم جبکہ پختہ تجاوزات کے خلاف کارروائی سے قبل تاجران اور انتظامیہ پر مشتمل کمیٹی نشاندہی اور مارکنگ کرے گی۔
متعلقہ افراد کو ازخود تجاوزات ختم کرنے کیلئے مناسب مہلت، مقررہ وقت میں تجاوزات ختم نہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے پختہ تعمیرات بھی مسمار کر دی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : ڈپٹی کمشنر باغ نے ہائی وے ایکٹ کی خلاف ورزی اور تجاوزات پر سخت ایکشن کا حکم دے دیا
ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں شہر بھر سے تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور آپریشن کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر سید ممتاز حسین کاظمی نے کہا کہ مین شاہراہوں پر ریڑھیاں لگانے، موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں کھڑی کرنے، دکانوں کے شیڈ مقررہ حدود سے باہر نکالنے سمیت دیگر تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوتی ہے، جس سے شہریوں کو مشکلات ہیں۔
ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی تمام تجاوزات فوری طور پر ختم کی جائیں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔
مقررہ مہلت گزرنے کے باوجود عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں انتظامیہ بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے پختہ تجاوزات بھی مسمار کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں :ڈپٹی کمشنر باغ کا مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیخلاف سخت ایکشن لینے ، فوری گرفتاری کا حکم
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسی بھی شخص کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنی مقررہ حدود سے تجاوز کرکے عام شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرے۔
شہریوں کو سہولیات کی فراہمی، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اور شہر کو تجاوزات سے پاک بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
تاجران انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور ازخود تجاوزات ختم کرکے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں،باغ شہر کو صاف، منظم اور تجاوزات سے پاک بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری اور انتظامیہ کا عزم ہے۔




