اسلام آباد( کشمیر ڈیجٹیل )سرجیکل فضلے کو ٹھکانے لگانے کے معاملے پر پمز اسپتال میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات شروع ہو گئیں۔
ایف آئی اے کی ٹیم نے اسپتال کا دورہ کرکے متعلقہ ریکارڈ حاصل کر لیا، جبکہ انتظامیہ نے معاملے کی اندرونی چھان بین کے لیے انکوائری کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں جعلی ایف آئی آرز، واٹس ایپ کے ذریعے نیا سائبر فراڈ، ایف آئی اے کا الرٹ جاری
پمز کے ترجمان کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سرجیکل ویسٹ کی تلفی کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کا جائزہ لینے کے لیے کارروائی کی۔
اسپتال انتظامیہ نے ایف آئی اے ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کیا اور طلب کیا گیا تمام متعلقہ ریکارڈ فراہم کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پمزہسپتال : آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ، وزیراعظم کے حکم پر انکوائری رپورٹ جاری
ترجمان نےکہا کہ اسپتال میں سرجیکل فضلے کو تلف کرنے کی ذمہ داری معاہدے کے تحت نجی کمپنی کو سونپی گئی تھی، تاہم پیدا ہونے والے فضلے کی مقدار کمپنی کی دستیاب تلفی کی استعداد سے زیادہ تھی۔
صورتحال سے متعلق وزارتِ ماحولیات کو بھی خط کے ذریعے آگاہ کیا گیا تھا۔پمز انتظامیہ نے معاملے کی مکمل جانچ کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کی رپورٹ آئندہ چند روز میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔




