لاہور ( کشمیر ڈیجٹیل ) پنجاب کے سرکاری سکولوں میں تدریسی عملے کے لباس سے متعلق نئے ضوابط جاری،مرد اور خواتین اساتذہ کے جینز پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے رسمی لباس کو لازمی قرار دیتے ہوئے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں کے سربراہان کو نئے ڈریس کوڈ پر فوری عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پنجاب کے دریاؤں میں ایسا کیا خزانہ مل گیا؟ مریم نواز نے بڑی خوشخبری سنا دی
نئے ڈریس کوڈ کے مطابق اساتذہ کو سکولوں میں شارٹس پہننے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ انڈور مقامات پر سن گلاسز استعمال کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کی ہدایات کے تحت مرد اساتذہ کو ویسٹ کوٹ یا فارمل پینٹ شرٹ پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اساتذہ کے لیے بند جوتے پہننا لازمی ہوگا، تاہم جرابوں کے ساتھ سینڈل پہننے کی اجازت دی گئی ہے۔اسی طرح خواتین اساتذہ کے لباس کے حوالے سے بھی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :اساتذہ کرام کے وزارت اور سیکرٹریٹ آمد پر پابندی عائد، نیا حکم نامہ جاری
نئے ضوابط کے تحت خواتین اساتذہ ہیل والی جوتیاں نہیں پہن سکیں گی، جبکہ بغیر بازوؤں والے اور شفاف لباس پر بھی پابندی عائد ہوگی
۔خواتین اساتذہ کو فارمل لباس کے ساتھ دوپٹہ یا اسکارف استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاہم حجاب اور عبایا پہننے کی اجازت برقرار رکھی گئی ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے پنجاب کے تمام سرکاری سکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ نئے ڈریس کوڈ پر فوری عمل درآمد کرایا جائے تاکہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کے لباس سے متعلق یکساں ضابطہ کار پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔




