سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے ملازمتوں میں علاقائی کوٹہ بحال کردیا

مظفرآباد: سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر نے کوٹہ سے متعلق آزادکشمیر ہائیکورٹ کے فیصلہ میں ترمیم کرتے ہوئے اہم فیصلہ جاری کردیا ہے جس میں علاقائی کوٹہ بحال کردیا گیا ہے۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر راجہ سعید اکرم خان اور جج سپریم کورٹ جسٹس خالد یوسف چوہدری پر مشتمل (بینچ نے) کوٹہ کیس میں جو سماعت کی تھی جس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سرکاری سکولوں کی موثر نگرانی کا فیصلہ،ہر ماہ 10اداروں کا معائنہ لازمی قرار

کوٹہ کیس میں ہائی کورٹ کے حکم میں ترمیم کرتے ہوئے گریڈ 16 یا بالا کی جملہ اسامیوں پر اوپن میرٹ بحال رکھا گیا ہے۔

 سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق گریڈ 1 تا 7 کی اسامیوں پر متعلقہ حلقہ کی حد تک، گریڈ 8 تا 15 کی اسامیوں پر متعلقہ ضلع کی حد تک اوپن میرٹ کے تحت تقرریاں عمل میں لائی جائیں گی۔

فیصلہ کے مطابق  ڈویژنل سطح پر قائم اداروں میں گریڈ 1 تا 15 کی اسامیوں پر متعلقہ ڈویژن کی سطح پر اوپن میرٹ لاگو ہوگا۔

دارالحکومت مظفرآباد کی سطح پر قائم ریاستی اداروں میں گریڈ 1 تا 15 تک کی اسامیاں اوپن میرٹ کے تحت پر کی جا سکیں گی۔

اسی طرح تعلیمی اداروں میں داخلوں کی نسبت ہائیکورٹ نے جو کوٹا سسٹم ختم کر دیا تھا ، سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کاحکم منسوخ کرتے ہوئے سابق پوزیشن بحال کر دی ہے جس پر اب مہاجرین کا کوٹہ بھی بحال ہو گیا ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلہ پر نوجوانوں کی نظریں مرکوز تھیں، اب نئی تقرریاں اسی بنیاد پر ہوں گی، پہلے لوگوں کوخدشہ تھا کہ سفارشیوں کو کہیں بھی تعینات کیا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ آزادکشمیر کا ملازمین کو کم ازکم اجرت کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم

یاد رہے کہ آزادکشمیر ہائیکورٹ نے گریڈ ایک سے تمام اسامیوں پر اوپن میرٹ ےتقرریوں کا حکم دیا تھا جس اعتراض کیا جا رہا تھا کہ گریڈ ایک کی اسامی مقامی سطح کی ہوتی ہے۔