آزاد کشمیر

سرکاری سکولوں کی موثر نگرانی کا فیصلہ،ہر ماہ 10اداروں کا معائنہ لازمی قرار

مظفرآباد: حکومت آزاد کشمیر نے جملہ سرکاری تعلیمی اداروں کی ناقص کارکردگی پر موثر نگرانی اور تعلیمی اصلاحات کیلئے نیا حکم جاری کر دیا ہے۔ 

سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سے جاری کردہ مراسلے میں ڈویژنل ڈائریکٹرز اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جملہ تعلیمی اداروں میں انتظامی اور تدریسی نظم و نسق، خود احتسابی،  معیاری اہداف کے حصول اور کارکردگی کی جانچ پڑتال کے لیے دستور العمل 2018 کے مطابق ہر ماہ کم از کم 10 تعلیمی اداروں کا معائنہ کرتے ہوئے رپورٹ ارسال کریں۔

یہ بھی پڑھیں:بھمبر:نسواں اسکولوں اور دفاتر میں ملازمین کی بھرتی، انٹرویو کی تاریخ کا اعلان

مراسلے میں افسران کو  11 نکات کے بارے میں تعمیلی رپورٹ ہر ماہ ارسال کرنے کا حکم دیا گیا ہے جن میں تعلیمی اداروں میں یونیفارم، جسمانی صحت و صفائی،سکولوں کی عمارات اور احاطے کی صفائی،فرنیچر اور شجرکاری،سکول مینجمنٹ کمیٹی اور نظامات کمیٹی،والدین سے موثر رابطہ شامل ہے۔

تعلیمی رپورٹ میں  سالانہ تقریب، جلسہ انعامات اور یوم والدین،سکول فنڈز،داخلی جائزہ اور گرل گائیڈز اور سکاؤٹس کی سرگرمیوں کے حوالے سےبھی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

مراسلہ کے مطابق دفتری خط و کتابت بذریعہ ایڈیشنل ڈائریکٹر، ناظمِ اعلیٰ عمل میں لائی جائے گی۔مراسلہ میں جملہ معلمین و معلمات کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ سکولوں میں حاضری کو یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کا تعلیمی نظام بدلنے کی تیاری، وزیر تعلیم عمیر نعیم کی زیر صدارت متعدد اہم فیصلے

اس کےعلاوہ درس و تدریس کے اوقات کے دوران پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں درس و تدریس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کا حکم دیا گیا ہے۔