سپریم کورٹ آزادکشمیر کا ملازمین کو کم ازکم اجرت کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم

مظفرآباد: سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے کم از کم اجرت کی ادائیگی سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے ملازمین کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔

عدالت نے آزادکشمیر حکومت بنام منور شاہ وغیرہ اپیل کا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت العالیہ آزاد کشمیر کا 21 فروری 2025ء کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم فل ملازمین کو پی ایچ ڈی الاؤنس کا 50 فیصد دینے کی منظوری

عدالت العظمیٰ نے تمام سیکرٹریز حکومت کو ہدایت کی ہے کہ حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق تمام درخواست گزار ملازمین کو کم از کم اجرت کی ادائیگی یقینی بنائی جائےجبکہ 27 اکتوبر 2022ء سے واجب الادا سابقہ بقایاجات بھی ادا کیے جائیں۔

عدالتی فیصلے کے تحت متعلقہ حکومتی محکموں کو ملازمین کی کم از کم اجرت اور سابقہ واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ آزادکشمیر میں حکومت کی جانب سے کم ازکم اجرت40ہزار700مقرر ہے لیکن مختلف محکموں میں تعینات ایڈہاک، عارضی وکنٹیجنٹ ملازمین 15ہزار سے 35ہزار ماہانہ تنخواہ لینے پر مجبور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ آزاد کشمیر کا اہم فیصلہ، ڈاکٹر عامر شہزاد کی نظرثانی اپیل مسترد

خاص کر محکمہ جنگلات کے بیلداروں کو 15سے 20ہزار روپے ماہانہ دیئے جاتے ہیں جس سے ان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد ملازمین کو کم ازکم اجرت ملنے کے علاوہ بقایاجات ملنے کےامکانات بھی پیدا ہو گئے ہیں۔