دھیرکوٹ سے تعلق رکھنے والا 4بہنوں کا اکلوتا بھائی اسلامی یونیورسٹی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے جاں بحق

آزاد کشمیر کے ضلع باغ کی تحصیل دھیرکوٹ کے علاقے چمن کوٹ سے تعلق رکھنے والا 21 برس سفیان عباسی اسلام آباد کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے جاں بحق ہو گیا۔

دوبرس قبل4بہنوں کے اکلوتے بھائی سفیان نے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں داخلہ لینے کے بعد یونیورسٹی کے ہاسٹل ہی کو اپنا مسکن بنا یا تھا، ابھی تعلیمی سفر کے چار سمسٹر ہی طے کیے تھے اور پانچویں میں قدم رکھا ہی تھا کہ10اور11اکتوبر کی درمیانی شب ہاسٹل فائیو کے گیٹ پر ایک آوارہ کتے نے کاٹ لیا۔

یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی، کار کی ٹکر سے راولاکوٹ کی2 لڑکیاں جاں بحق، ڈرائیور موقع سے فرار

ذرائع کے مطابق سفیان فون پر بات کررہا تھا اس دوران آوارہ کتے نے کاٹا،واقعے کے فوری بعد ساتھی طلبہ سفیان کو اسلام آباد کے پمز ہسپتال لے گئے، جہاں علاج شروع کیا گیا اور ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی۔

 وقت کے ساتھ زخم بھی بھر گیا اور یوں محسوس ہونے لگا کہ خطرہ ٹل چکا ہے، لیکن کسی کو اندازہ نہ تھا کہ 9 نومبر کو ویکسین کے پانچویں اور آخری انجکشن لگنے میں ہونے والی معمولی سی تاخیر جان لیوا ثابت ہوگی۔

پھر اتوار 15 نومبر کی صبح خاموش طوفان لے کر آئی اور سفیان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ سفیان کو فوری طور پر دوبارہ پمز ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اِس خدشے کی تصدیق کر دی کہ ریبیز کا جان لیوا انفیکشن اس کے جسم میں سرایت کر چکا ہے۔

بعد ازاں سفیان کو راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال بھی منتقل کیا گیا، مگر تمام تر کوششوں کے باوجود وہ موت سے یہ جنگ نہ جیت سکا اور 16 اور 17 نومبر کی درمیانی شب ہمیشہ کے لیے آنکھیں موند لیں۔

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ترجمان نے اس حادثے پر یونیورسٹی کی جانب سے انتہائی دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی کی اعلیٰ انتظامیہ سوگوار خاندان سے ملاقات کرے گی اور متاثرہ خاندان سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

یونیورسٹی ترجمان کا کہنا ہےکہ اسلام آباد میں آوارہ کتوں کا مسئلہ دیرینہ ہے، جس کے تدارک کے لیے سی ڈی اے اور یونیورسٹی انتظامیہ کئی مرتبہ مشترکہ مہم چلا چکی ہے۔

ترجمان نے وضاحت کی کہ ’یونیورسٹی کے گرد اگرچہ حفاظتی دیوار موجود ہے، تاہم چند کھلے مقامات اور نالے کے اطراف سے آوارہ کتے کیمپس میں داخل ہو جاتے ہیں، جنہیں بند کر کے حفاظتی خامیوں کو جلد دور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سفیان عباسی کو انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ڈگری حاصل کرنے کا بے حد شوق تھا اور وہ اپنی تعلیم مکمل کر کے اپنے والدین اور بہنوں کا سہارا بننا چاہتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:برازیل : پیراگلائیڈنگ کے دوران افسوسناک حادثہ، 55 سالہ شخص ہلاک

سفیان عباسی کے خاندان کے مطابق سفیان کے والد روزگار کے سلسلے میں بیرونِ ملک مقیم تھے،سفیان کی موت پر پورا خاندان غم سے نڈھال ہے ،والدہ اور بہنوں میں صفِ ماتم بچھی ہوئی ہے۔

سفیان کے کلاس فیلوز کا کہنا ہے کہ سفیان ایک انتہائی ہونہار اور محنتی طالب علم تھا اور وہ جلد از جلد اپنی ڈگری مکمل کرنا چاہتا تھااور وہ زخم ٹھیک ہونے پر باقاعدہ کلاسز بھی لے رہا تھا۔