ریڑہ (تحصیل رپورٹر) ریڑہ شہر میں ٹریفک کا بدترین نظام شہریوں اور مسافروں کے لیے وبالِ جان بن گیا۔
مرکزی شاہراہ پر تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ اور لوکل ٹرانسپورٹ کے غیر قانونی اڈوں نے شہر کو مسائلستان بنا دیا۔
انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث ٹریفک جام معمول ،جبکہ ٹرانسپورٹرز نے اپنی مرضی کے اڈے قائم کرکے گویا شہر میں اپنی متوازی حکومت قائم کر رکھی ہے۔
حکومتی گڈ گورننس کے دعوے بھی زمینی حقائق کے سامنے بے اثر دکھائی دینے لگے۔
ریڑہ شہر کی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر،باغ سے حویلی عباسپور جانے والی سینکڑوں مسافر گاڑیاں شہر میں داخل ہوتے ہی ٹریفک جام میں پھنس جاتی ہیں۔
حویلی عباسپور اور ضلع باغ کے مشرقی علاقوں سے آنے اور جانے والی ٹرانسپورٹ کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :باغ میں ٹریفک کا نظام بدلنے کی تیاری انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کر لیا
لوکل روٹس پر چلنے والی گاڑیوں نےمختلف حصوں کو مستقل لاری اڈوں کی شکل دے رکھی ہے، جہاں گاڑیوں کی بے ہنگم پارکنگ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔
صورتحال اس قدر سنگین ہو چکی ہے کہ مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔
دوسرے اضلاع سے آنے والے افراد، خواتین، بزرگوں، طلبہ اور مقامی شہریوں کو بھی شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کا قیمتی وقت بھی ٹریفک جام کی نذر ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ریڑہ شہر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروانے والا کوئی مؤثر نظام دکھائی نہیں دیتا۔
یہ بھی پڑھیں :مظفرآباد: انتظامیہ کی بڑی کارروائی،متعدد ٹرانسپورٹ اڈے سیل
رانگ پارکنگ، غیر قانونی لاری اڈوں اور تجاوزات کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے ٹرانسپورٹرز اور تجاوزات قائم کرنے والوں کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے وزیراعظم ، چیف سیکرٹری اور مقامی وزیر سے مطالبہ کیا ہے کہ ریڑہ شہر کی مرکزی شاہراہ کو تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ سے فوری طور پر واگزار کروایا جائے۔
غیر قانونی لاری اڈوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جائے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مستقل بنیادوں پر ٹریفک پولیس اور متعلقہ عملے کی تعیناتی یقینی بنائی جائے۔
شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ریڑہ شہر میں ٹریفک کا بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ محض اعلانات اور گڈ گورننس کے دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ باغ، حویلی عباسپور اور ملحقہ علاقوں کے ہزاروں مسافروں کو اس روزمرہ اذیت سے نجات مل سکے




