بچوں کا مستقبل سنوارنے کیلئے اوورسیز پاکستانی میدان میں آگئے، جٹی ڈھیری سکول میں جدید کمپیوٹر لیب تیار

اسلام گڑھ (نامہ نگار) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اپنے آبائی علاقے کے تعلیمی ادارے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول جٹی ڈھیری اسلام گڑھ کی کمپیوٹر لیب کو جدید سہولیات سے آراستہ کر دیا۔

 اوورسیز کمیونٹی کے تعاون سے پرانی اور بوسیدہ کمپیوٹر لیب کی مکمل اپ گریڈیشن، تزئین و آرائش اور جدید کمپیوٹر سسٹمز کی تنصیب کا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچ گیا۔

 باقاعدہ افتتاح اوورسیز اور مقامی کمیونٹی کے معززین کی موجودگی میں کیا گیا۔ اقدام سے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ تعلیمی ماحول میسر آئے گا۔

گورنمنٹ بوائز ہائی سکول جٹی ڈھیری کی سابقہ کمپیوٹر لیب میں موجود کمپیوٹرز، فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولیات طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار تھیں۔

سینئر ہیڈماسٹر حافظ نوید اشرف نےاولڈہم، برطانیہ میں مقیم عبدالجبار سے تعاون کی درخواست کی گئی، جنہوں نے اولڈہم کی اوورسیز ٹیم کے ہمراہ فراخ دلی کا مظاہرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:بیرون ملک سے موبائل فون لانے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لیےسینیٹ کمیٹی کی ٹیکسوں میں کمی کی سفارش

منصوبے کے تحت جدید کمپیوٹر سسٹمز کی فراہمی، نئی کرسیوں کی خریداری، کمپیوٹر ورک اسٹیشنز اور ٹیبلز کی تیاری، برقی نظام اور وائرنگ کی مکمل تبدیلی، نئے الیکٹریکل سوئچ بورڈز کی تنصیب، جدید لائٹنگ، رنگ و روغن اور صفائی سمیت لیب کی تزئین و آرائش کے تمام امور مکمل کیے گئے۔

منصوبے کی عملی تکمیل میں ادارے کی ترقیاتی کمیٹی کے نگران ایلیمنٹری مدرس شکیل احمد اور کمپیوٹر انسٹرکٹر محمد شہزاد نے نمایاں کردار ادا کیا۔

 طلبہ کی شمولیت کے ساتھ پینٹنگ، نئی وائرنگ، فلیکسز کی تنصیب، تزئین و آرائش اور دیگر انتظامی و عملی امور میں بھرپور محنت اور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں :تاجروں کو دی گئی مہلت ختم ،باغ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن

کمپیوٹر لیب کی افتتاحی تقریب میں انگلینڈ سے تشریف لانے والے عبدالجبار، محمد ندیم، اللہ دتہ، یاسر خان، بنارس خان، راجا سجاول، محمد بشیر اور محمد یعقوب سمیت مقامی کمیونٹی کے حاجی تنویر حسین، حاجی لیاقت علی، محمد طارق، عاشق حسین، ذیشان رشید اور محمد فاروق سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔

 ادارے کے دفتر میں ایک مختصر مگر پروقار نشست کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں سینئر ہیڈماسٹر حافظ نوید اشرف نے اوورسیز ڈونرز، مقامی کمیونٹی اور منصوبے کی تکمیل میں تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔

 جاری تعلیمی و ترقیاتی سرگرمیوں، مجموعی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے شرکائے تقریب کو تفصیلی آگاہی فراہم کی۔تقریب سے مقامی کمیونٹی کے معززین عاشق حسین اور کونسلر محمد طارق نے بھی خطاب کیا۔

تعلیمی اداروں میں جدید سہولیات کی فراہمی، طلبہ کو ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے اور تعلیمی ترقی کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا

 سینئر ہیڈماسٹر حافظ نوید اشرف نے خصوصی طور پر عبدالجبار اور اولڈہم کی اوورسیز ٹیم کی فراخ دلانہ معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ترقی محض انفرادی کوششوں سے ممکن نہیں بلکہ اس مقصد کے لیے کمیونٹی، مخیر حضرات اور اہل خیر کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔