مظفر آباد(کشمیر ڈیجیٹل)مہاجر حلقہ سے الیکشن لڑنے والے سابق امیدوار اسمبلی حمزہ مجید بزمی کا سٹیٹ سبجیکٹ جعلی قرار،الیکشن کمیشن نے ووٹ خارج کرنے کا حکم جاری کردیا ۔
حمزہ مجید بزمی کا سٹیٹ سبجیکٹ سابق وزیر ٹرانسپورٹ جاوید بٹ نے چیلنج کیا تھا جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حمزہ مجید بزمی پاکستان میں آباد مستند مہاجر نہیں ہیں اور نہ ہی ان کے پاس درست اسٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفکیٹ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سابق وزیرعاصم شریف بٹ کا ڈومیسائل جعلی قرار،سٹیٹ سبجیکٹ منسوخ
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حمزہ مجید بزمی کے آباؤ اجداد 1947 میں بارہمولہ سے ہجرت کر کے آزاد کشمیر (مظفرآباد) میں آباد ہوئے تھے، اس لیے وہ مہاجرینِ مقیمِ پاکستان کے لیے مخصوص نشست یا حلقے کے ووٹر بننے کے اہل نہیں ہیں۔
دوسری طرف، مدعا علیہ ( حمزہ مجید بزمی) کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ درخواست گزار خود متاثرہ فریق نہیں ہے اور اس کا یہ درخواست دائر کرنے کا کوئی قانونی جواز نہیں بنتا۔
الیکشن کمیشن نے درخواست گزار جاوید بٹ کی درخواست تکنیکی بنیادوں پر خارج کر دی کیونکہ وہ کسی دوسرے حلقے کے رہائشی ہیں اور قانون کے مطابق انہیں کسی دوسرے حلقے کی ووٹر لسٹ پر اعتراض دائر کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے جبکہ ا لیکشن کمیشن نے اپنے اختیارات (خصوصاً سیکشن 28 آف اے جے کے الیکشنز ایکٹ 2020 کے تحت) استعمال کرتے ہوئے یہ فیصلہ دیا کہ حمزہ مجید بزمی پاکستان میں مقیم (مہاجر) کی تعریف پر پورا نہیں اترتے کیونکہ ان کا تعلق آزاد کشمیر (مظفرآباد) سے بنتا ہے لہذا الیکشن کمیشن نے حمزہ مجید بزمی کا نام حلقہ LA-44 ویلی-5 (مہاجرینِ مقیمِ پاکستان) کی انتخابی فہرست سے خارج کرنے کا حکم دے دیا۔
یہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل اور سینئر ممبر محمد احسن کی طرف سے جاری کیا گیا۔
دھاندلی سے جیتنے والے کو بھی گھر بھیجوں گا، جاوید بٹ
سابق وزیر ٹرانسپورٹ جاوید بٹ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن میں جعل سازی خود اور سینکڑوں جعلی ووٹیں درج کروا کر حصہ لینے والے مظفرآباد کے رہائشی حمزہ مجید بزمی کے ووٹ مہاجرین کی ووٹرز لسٹ خارج کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
یہ بھی پڑھیں:ضلع کونسل باغ کا چیئرمین کون بنے گا؟ الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا
انہوں نے کہا کہ حمزہ مجید بزمی اور اسکا خاندان جو مظفرآباد کا رہائشی ہے نے جعلسازی سے خود کو مہاجر مقیم پاکستان ظاہر کرکے جعلسازئ سے مہاجرین کے حلقے سے الیکشن لڑتا رہا،اور سینکڑوں کی تعداد میں جعلی لوگوں کے ووٹ بھی بطور مہاجر مقیم پاکستان درج کروانے میں مصروف عمل رہا اور آزاد کشمیر کے متعلقہ اداروں کو دھوکہ دہی سے گمراہ کرنے میں پیش پیش رہا۔
جاوید بٹ کا کہنا تھا کہ اسکے بعد میرا کا اگلا نشانہ دھاندلی سے الیکشن جیتنے والے کو واپس گھر بھیجنا ہے۔
یاد رہے کہ جاوید بٹ کو عام انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار یاسین لون نے شکست دی تھی۔




