فٹبال میچ کے دوران حریف کھلاڑی سے ٹکر کے نتیجے میں ایک فٹبالر کی موت کے بعد گول کیپر کو 12 میچوں کے لیے معطل کیے جانے پر بحث چھڑ گئی ہے جبکہ ایف سی آندورا کے مالک اور سابق بارسلونا اسٹار جیرارڈ پیکے نے اس سزا کو غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق واقعہ 2 نومبر کو اسپین کے دوسرے درجے کے فٹبال مقابلے میں پیش آیاجہاں ایف سی آندورا کے گول کیپر جیسس اوونو اور ٹینیریف کے فارورڈ جیسس ڈی میگوئل کے درمیان ٹکر ہوئی۔ ڈی میگوئل کو تشویش ناک حالت میں اسپتال کے آئی سی یو منتقل کیا گیا، تاہم وہ اگلے روز وہاں دم توڑ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ساف فٹبال چیمپئن شپ ، شاہینوں نے ڈھاکا فتح کرلیا، فائنل میں بھارت سے ٹاکرا
اسپینش فٹبال فیڈریشن (آر ایف ای ایف) کی تادیبی کمیٹی نے گزشتہ ہفتے اوونو کو اس واقعے میں پرتشدد کھیل اور سنگین چوٹ کا سبب بننے پر 12 میچوں کی پابندی کی سزا سنائی۔
ایف سی آندورا کے مالک جیرارڈ پیکے نے پیر کی شب سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں کہا کہ کھلاڑیوں، سابق فٹبالرز، کوچز اور گول کیپرز سمیت سب نے اس واقعے کو حادثہ قرار دیا ہے۔
ان کے مطابق جیسس اوونو کو اس کارروائی پر زیادہ سے زیادہ سزا دینا انہیں ایسی صورتِ حال میں ڈالنے کے مترادف ہے جس کے وہ مستحق نہیں، کیونکہ اس واقعے کے تمام نتائج کا ذمہ دار انہیں قرار نہیں دیا جا سکتا۔
پیکے نے حال ہی میں اسپین میں پیش آنے والے ایک دوسرے واقعے کی مثال بھی دی، جس میں الباسیٹے کے کھلاڑی جوزے کورپاس کو میچ کے دوران غلطی سے سباڈیل کے کھلاڑی قدری لیمید کے سر پر لات لگنے کے بعد 3 میچوں کی پابندی کی سزا دی گئی تھی۔ لیمید اس واقعے میں محفوظ رہے تھے۔
پیکے نے سوال اٹھایا کہ فٹبال حکام کسی کھلاڑی کی کارروائی کو سزا دیتے ہیں یا اس کارروائی کے نتیجے میں سامنے آنے والے نتائج کو؟ ان کے مطابق دونوں واقعات میں فرق یہ ہے کہ ایک میں کھلاڑی کی موت ہوئی، جبکہ دوسرے میں متاثرہ کھلاڑی محفوظ رہا۔
رائٹرز کے مطابق اسپینش فٹبال فیڈریشن نے اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔
یہ بھی پڑھیں: انٹرنیشنل فٹبالر رونالڈو کا ریٹائرمنٹ کا اعلان،جذباتی پیغام جاری
25 سالہ جیسس اوونو نے اس واقعے کے بعد اس ماہ زمبابوے کے خلاف افریقا کپ آف نیشنز کے کوالیفائنگ میچوں کے لیے استوائی گنی کی ٹیم سے بھی اپنا نام واپس لے لیا ہے۔
پیکے کا کہنا ہے کہ 12 میچوں کی پابندی ختم ہونے کے بعد بھی انہوں کے لیے فوری طور پر میدان میں واپس آنا مشکل ہوگا اور انہیں مقابلے کے لیے تیار ہونے میں اس سے کہیں زیادہ وقت درکار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سزا ڈی میگوئل کو واپس نہیں لا سکتی۔




