وزیر اعظم شہباز شریف،نواز شریف، مریم نواز کا دورہ،مظفرآباد میں بڑی بیٹھک، اہم فیصلے

مظفر آباد: مسلم لیگ (ن )کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے مظفرآباد پہنچنے پر صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی  اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے ترقیاتی امور کے حوالے سے گفتگوکی گئی، اس موقع پر   حکومت پاکستان کے عوامی فلاح و بہبود کے لیے آزاد کشمیر کی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے حوالے سےبھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہبازشریف، قائد ن لیگ میاں نوازشریف اور مریم نواز مظفرآباد پہنچ گئے

ملاقات میں ماضی میں ن لیگ کی آزاد کشمیر حکومت دور کی تعمیر و ترقی میں کردار کا بھی ذکر کیا گیا،ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کی عوام کی ترقی کے لیے پنجاب حکومت کے بھی فعال کردار کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

 وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے کشمیری عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر پوری توانائی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میںن لیگی قیادت نے آزاد جموں و کشمیر میں الیکشن میں کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنانے پر گفتگو کی اور حکمت عملی بھی طے کی گئی۔

 ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزراء احسن اقبال، انجینئر امیر مقام، طارق فضل چوہدری، عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، سینیٹر پرویز رشید، سنیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، رکن آزاد جموں و کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر، مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر اور دیگر افسران شریک تھے۔

قبل ازیں وزیراعظم میاں شہباز شریف،  قائد مسلم لیگ (ن)میاں نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے مظفرآباد پہنچنے پر صدر ریاست ڈاکٹر نجیب نقی ،وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی،سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق اور کابینہ ارکان نے استقبال کیا تھا۔

دورہ کے دوران مسلم لیگ (ن)کی قیادت آزاد جموں کشمیر میں حکومت کے 100روزہ پلان کی منظوری دی جائے گی، اعلی لیگی قیادت (ن)لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کریگی۔

ذرائع کے مطابق ظہرانے کے بعد وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف واپس اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے ،میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب اپنے وفد کے ہمراہ نجی دورہ پر وادی نیلم میں تاریخی مقام تہجیان روانہ ہوجائیں گے ۔

یہ بھی پڑھیں:نوازشریف  کو نجی دورہ نیلم پر خوش آمدید کہتے ہیں، شاہ غلام قادر

میاں محمد نواز شریف کل وادی نیلم کے آخری مقام تائوبٹ پہنچیں گے جہاں وہ کشمیری ثقافتی طعام وازوان سے لطف اندوز ہوں گے۔

وزیراعظم میاں شہبازشریف اور لیگی قیادت کے دورہ مظفرآباد کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، وزیراعظم شہبازشریف کی طرف سے آزادکشمیر کیلئے بڑے ترقیاتی پیکیج کا بھی اعلان متوقع ہے۔

دوسری طرف نیلم میں میاں نوازشریف اور مریم نواز کی آمد کے حوالے سے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔