18 نومبر کی آخری دھوپ، پھر 65 دن تک اندھیرا ہی اندھیرا آخر کیوں

 واشنگٹن (کشمیر ڈیجٹیل ) تصور کریں کہ آپ کے شہر میں سورج غروب ہو اور پھر اگلے دو ماہ تک صبح کا اجالا دیکھنے کو ہی نہ ملے! یہ کسی فلم کی کہانی نہیں بلکہ حقیقت ہے۔ 

دنیا کے ایک ایسے قصبے میں جلد ہی 65 روزہ طویل رات کا آغاز ہونے والا ہے، جہاں سورج غروب ہونے کے بعد مسلسل دو ماہ سے زائد عرصے تک دوبارہ طلوع نہیں ہوگا۔

امریکا کی شمالی ترین ریاست الاسکا میں واقع قصبہ یوٹکیویگ (Utqiagvik) ہر سال اس غیر معمولی قدرتی مظہر کا سامنا کرتا ہے، جسے سائنسی زبان میں ’پولر نائٹ‘ یا قطبی رات کہا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں پیٹرول پمپ مالکان نے وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کو خط لکھ دیا

سال 2026 میں اس قصبے میں 18 نومبر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 42 منٹ پر سورج غروب ہوگا، جس کے بعد 22 جنوری 2027 تک سورج دوبارہ افق پر نمودار نہیں ہوگا۔

 پاکستان کے وقت کے مطابق یہ لمحہ 19 نومبر کی صبح تقریباً 3 بج کر 42 منٹ ہوگا۔اس طرح مقامی رہائشی لگ بھگ 65 دن تک سورج کو طلوع ہوتے نہیں دیکھ سکیں گے۔

 مطلب یہ نہیں کہ پورے دن مکمل اندھیرا چھایا رہے گا، کیونکہ دوپہر کے وقت جنوبی افق پر کچھ دیر کے لیے ہلکی قدرتی روشنی دکھائی دیتی رہے گی ۔

یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر : سردی کی شدت میں اضافہ، تاوبٹ میں پارہ منفی 10 ڈگری سے نیچے گرگیا

دلچسپ موڑ یہ ہے کہ دو ماہ کی طویل تاریکی کے بعد جب 23 جنوری کو سورج دوبارہ طلوع ہوگا تو اس کی روشنی بھی زیادہ دیر برقرار نہیں رہے گی اور تقریباً ایک گھنٹے بعد سورج پھر غروب ہو جائے گا۔

یوٹکیویگ قصبہ آرکٹک سرکل سے تقریباً 320 میل شمال میں واقع ہے۔ اس کی جغرافیائی حیثیت بھی غیر معمولی ہے کیونکہ الاسکا کے دیگر علاقوں سے اسے ملانے والی کوئی مستقل سڑک موجود نہیں، جس کے باعث یہاں آنے جانے کے لیے ہوائی جہاز استعمال کیے جاتے ہیں۔

آخر ایسا کیوں ہوتا ہے؟اس حیران کن قدرتی مظہر کی وجہ زمین کا اپنے محور پر تقریباً 23.5 ڈگری جھکاؤ ہے۔ اسی جھکاؤ کے باعث موسم سرما میں آرکٹک سرکل کے شمالی علاقوں میں سورج کئی ہفتوں یا مہینوں تک افق سے اوپر نہیں آتا۔اس کے برعکس موسم گرما میں یہی خطہ ایک بالکل مختلف منظر پیش کرتا ہے، جب سورج 24 گھنٹے تک آسمان پر موجود رہ سکتا ہے۔

قدرتی مظہر کو ’مڈنائٹ سن‘ یعنی آدھی رات کا سورج کہا جاتا ہے۔