گلگت بلتستان: 60کروڑ آمدنی،160وائلڈ لائف ملازمین، آزادکشمیر:آمدن 40لاکھ،200ملازمین، سنسنی خیزرپورٹ

مظفرآباد(رپورٹ ذوالفقار علی :کشمیر ڈیجیٹل)آزادکشمیرمحکمہ وائلڈ لائف  مالی سال 2025-2026 میں صرف 40 لاکھ روپے آمدنی حاصل کر سکا۔

گلگت بلتستان محکمہ وائلڈ لائف کی آمدن تقریباً 60 کروڑ روپے رہی۔ جی بی میں امریکہ، اسرائیل ،ایران جنگ کے باعث اس بار امریکی شکاری نہیں آئے جس کیوجہ سے تقریباً 24 کروڑ روپےکا نقصان ہوا۔

آزاد جموں و کشمیر کا مجموعی رقبہ تقریباً 13 ہزار مربع کلومیٹر ہے، جبکہ گلگت بلتستان کا رقبہ تقریباً 73 ہزار مربع کلومیٹر ہے۔

اس کے باوجود آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ وائلڈ لائف اور فشریز میں ملازمین کی تعداد تقریباً 200 ہے، جن میں 11 افسر شامل ہیں۔

اس کے برعکس گلگت بلتستان کے محکمہ وائلڈ لائف میں ملازمین کی تعداد 160  سے 170 کے درمیان ہے جن مین 11 افسر ہیں۔

رواں سال 2025-2026 میں آزاد کشمیر محکمہ وائلڈ لائف اور فشریز کے ملازمین کی تنخواہوں، الاؤنسز اور آپریشنل اخراجات پر ایک کروڑ 43 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

جبکہ گلگت بلتستان میں محکمہ وائلڈ لائف کے ملازمین کی تنخواہوں، الاؤنسز اور آپریشنل اخراجات پر تقریباً چھ کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

گلگت بلتستان میں آپریشنل اخراجات زیادہ ہونے کی ایک وجہ اس کا وسیع رقبہ اور دشوار گزار جغرافیائی حالات ہیں۔

تقریباً 73 ہزار مربع کلومیٹر پر پھیلے اس خطے میں جنگلی حیات کے تحفظ اور نگرانی کیلئے وسیع علاقوں میں کام کرنا پڑتا ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ وائلڈ لائف کو حاصل ہونے والی 40 لاکھ روپے کی آمدنی ہنٹنگ لائسنسوں کی مد میں تھی۔

اس کے برعکس گلگت بلتستان میں ٹرافی ہنٹنگ، قومی پارکس کی داخلہ فیس، ویسٹ مینجمنٹ فیس، زمین لیز پر دینے اور وائلڈ لائف سیاحت سمیت آمدنی کے متعدد ذرائع موجود ہیں۔

*ٹرافی ہنٹنگ سے 31 کروڑ روپے آمدنی ٌ

گلگت بلتستان کے چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف ڈاکٹر ذاکر حسین نے کشمیر ڈیجیٹل کو بتایا کہ مالی سال 2025-2026 میں ٹرافی ہنٹنگ سے 31 کروڑ روپے آمدنی ہوئی۔

تاہم یہ رقم گزشتہ سال کے آمدنی کے تخمینے سے تقریباً 24 کروڑ روپے کم تھی۔ گزشتہ سال ٹرافی ہنٹنگ سے 54 کروڑ 60 لاکھ روپے آمدنی کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔

ڈاکٹر ذاکر حسین کے مطابق گزشتہ سال چار مارخور اور 14 بلیو شیپ کے شکار کی اجازت دی جانی تھی، لیکن صرف دو مارخور اور سات بلیو شیپ کا شکار کیا جا سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث امریکی شکاری گلگت بلتستان نہیں آئے، جس کی وجہ سے آمدنی میں کمی ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرافی ہنٹنگ لائسنسوں کی مد میں دو کروڑ روپے آمدنی ہوئی۔ڈان کی رپورٹس کے مطابق گلگت بلتستان میں ٹرافی ہنٹنگ سے حاصل ہونے والی رقم کا 80 فیصد مقامی کمیونٹیز کو دیا جاتا ہے۔

جبکہ باقی 20 فیصد قومی خزانے میں جمع ہوتا ہے۔ اس طرح ٹرافی ہنٹنگ کی پوری آمدنی نہ حکومت کے پاس رہتی ہے اور نہ ہی وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کی اپنی آمدنی بنتی ہے۔

محکمہ رقم وصول کرنے اور اس کی تقسیم کے عمل میں کردار ادا کرتا ہے۔

قومی پارکس اور دیگر ذرائع سے آمدنی

ڈاکٹر ذاکر حسین نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے محکمہ وائلڈ لائف کو خنجراب نیشنل پارک کی انٹری فیس سے آٹھ کروڑ روپے وصول ہوئے۔

جبکہ دیوسائی نیشنل پارک سے پانچ کروڑ روپے اور سنٹرل قراقرم نیشنل پارک سے 70 لاکھ روپے آمدنی ہوئی۔

اس کے علاوہ قراقرم نیشنل پارک  سے ویسٹ مینجمنٹ فیس کی مد میں بھی آٹھ کروڑ روپے حاصل ہوئے۔

ان کے مطابق قومی پارکس کی داخلہ فیس اور ویسٹ مینجمنٹ فیس سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 75 فیصد حصہ متعلقہ مقامی کمیونٹیزپرخرچ کیا جاتا ہےجبکہ 25 فیصد حکومت کو ملتا ہے۔

محکمہ وائلڈ لائف کو زمین لیز پر دینے کی مد میں ایک کروڑ روپے اور ونٹر وائلڈ لائف ٹورازم سے تقریباً تین کروڑ روپے آمدنی ہوئی۔

محکمہ سیاحت کی ایک ارب روپے کی رائلٹی

ڈاکٹر ذاکر حسین کے مطابق محکمہ سیاحت کو رائلٹی ٹورازم کی مد میں بھی تقریباً ایک ارب روپے آمدنی ہوئی، جس کا تعلق گلگت بلتستان کے قدرتی سیاحتی وسائل سے ہے۔

گلگت بلتستان میں رائلٹی ٹورازم سے مراد وہ سرکاری فیس ہے جو بلند پہاڑی چوٹیوں کو سر کرنے، نیشنل پارکس یا پہاڑوں میں ٹریکنگ کرنیوالے ملکی اور غیر ملکی مہم جو سیاحوں سے  سے وصول کی جاتی ہے۔

اس میں پہاڑی چوٹیوں کو سر کرنے کی رائلٹی اور متعلقہ ٹریکنگ و کوہ پیمائی کے اجازت ناموں کی فیس شامل ہوتی ہے۔

اس طرح گلگت بلتستان میں وائلڈ لائف اور قدرتی سیاحتی مقامات سے متعلق سرگرمیاں محکمہ وائلڈ لائف کی براہ راست آمدنی کے علاوہ محکمہ سیاحت کیلئے بھی آمدنی کا بڑا ذریعہ ہیں۔

گلگت بلتستان کے مقابلے میں آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ وائلڈ لائف اور فشریز کی کارکردگی اور آمدنی کی صورت حال انتہائی تشویشناک ہے۔

تقریباً یکساں تعداد میں ملازمین رکھنے کے باوجود کہیں کم رقبے میں کام کرنے والا یہ محکمہ اپنی آمدنی کے ذرائع پیدا کرنے، جنگلی حیات کے تحفظ ، اپنے وسائل سے فائدہ اٹھانے میں بری طرح ناکام ہوگیا۔

اس کے مقابلے میں گلگت بلتستان کا محکمہ نہ صرف کہیں زیادہ آمدنی حاصل کر رہا ہے بلکہ دشوار گزار جغرافیائی حالات اور وسیع رقبے کے باوجود مختلف ذرائع سے اپنے وسائل بھی پیدا کر رہا ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے ایک اعلیٰ سرکاری افسر نے محکموں کی اس صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: ’’یہاں محکمے کام کرنےکیلئے نہیں بلکہ نوکریاں فراہم کرنے کیلئے قائم کئے جاتے ہیں۔

اگرچہ یہ ایک افسر کا تبصرہ ہے لیکن محکمہ وائلڈ لائف اور فشریز کی افرادی قوت، اخراجات اور محض 40 لاکھ روپے کی سالانہ آمدنی کے اعداد و شمار تلخ سوالات  کو ضرور جنم دیتے ہیں

آخر آزادکشمیر کے قومی خزانے سے تنخواہیں اور اخراجات وصول کرنے والے ان محکموں کی کارکردگی اور جواب دہی کا نظام کہاں ہے؟