مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) راولا کوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے احتجاج میں شامل مسلح عناصر اب سکیورٹی فورسز کے ساتھ عام شہریوں اور معصوم بچوں کی جانوں کیلئے بھی خطرہ بن چکے ہیں، حکومت مزید خاموشی اختیار نہ کرے اور اس کمیٹی کا مکمل خاتمہ کرے۔
شہریوں کا کہنا ہےکہ احتجاجی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر مسلح افراد کی موجودگی نہ صرف سکیورٹی فورسز بلکہ عام شہریوں، خواتین، بزرگوں اور معصوم بچوں کی سلامتی کے حوالے سے بھی سنگین خدشات پیدا کر رہی ہے، کسی بھی احتجاج میں تشدد یا اسلحے کا استعمال حالات کو مزید کشیدہ کر سکتا ہے، جس کا سب سے زیادہ نقصان عام اور بے گناہ لوگوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔
شہریوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ آزاد کشمیرکے عوام پہلے ہی مختلف مسائل اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ایسے میں احتجاجی سرگرمیوں کے دوران کشیدگی و تصادم کی صورتحال پیدا ہونا کسی کے مفاد میں نہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی لیپہ کے عوام پھٹ پڑے، راولاکوٹ دھرنے سے متعلق حکومت سے اہم مطالبہ
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اختلاف رائے اور اپنے مطالبات کے حق میں آواز بلند کرنا ہر شہری کا آئینی و جمہوری حق ہے لیکن اس حق کو پرامن اور قانونی دائرے میں رہ کر استعمال کیا جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور خطے میں امن و امان برقرار رکھنا ہے۔ اگر کسی احتجاج میں ایسے عناصر موجود ہیں جو مبینہ طور پر اسلحہ رکھتے ہیں، تشدد پر اکساتے ہیں یا قانون کو ہاتھ میں لیتے ہیں تو ان کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لے، حساس مقامات اور عوامی اجتماعات پر شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
ان کے مطابق کسی تنظیم یا گروہ کو قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کیخلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کا پُرامن ماحول اور عوام کی سلامتی سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد کی سرگرمیاں تشویشناک ہیں، مجتبیٰ بٹ
حکومت اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ کشیدگی کم کرنے، عوامی تحفظ یقینی بنانے اور مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنےکیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
عوامی حلقوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خطے میں امن، استحکام اور قانون کی بالادستی کے خواہاں ہیں اور کسی بھی ایسے عمل کی حمایت نہیں کرتے جس سے عام شہریوں، بالخصوص بچوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہوں۔




