فاروق حیدر اقتدار کے پوچاری، کرسی نہ ملنے پر حواس کھو بیٹھے، شہریوں نے کٹا چٹھا کھول دیا

باغ: آزادکشمیر کے ضلع باغ کے شہریوں نے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کے حالیہ سیاسی بیانیے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار سے محرومی کے بعد ان کے طرزِ سیاست اور بیانات میں آنے والی تبدیلی افسوسناک ہے۔ 

دو مرتبہ آزادکشمیر کے وزیراعظم رہنے والی شخصیت کو ایسی گفتگو زیب نہیں دیتی، انہیں اپنے موجودہ بیانیے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: پہلے کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارندوں کو پھانسی کا مطالبہ، اب حمایت کیوں؟شہریوں نے فاروق حیدر کے دوغلے پن پر سوالات اٹھا دیئے

 شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر راجہ فاروق حیدر کو اقتدار حاصل ہوتا تو شاید ان کی زبان اور سیاسی مؤقف اس طرح تبدیل نہ ہوتے۔

کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر ہوں یا کوئی دوسری سیاسی شخصیت، ریاست پاکستان کے خلاف کہیں سے بھی کوئی بات کی جائے تو ہر محب وطن کشمیری اس کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

پاکستان اور آزادکشمیر کے تعلقات کے حوالے سے کشمیری عوام کا موقف واضح ہے، اس معاملے کو سیاسی مفادات اور اقتدار کی کشمکش سے بالاتر رکھنا چاہیے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ راجہ فاروق حیدر کے ماضی کے سیاسی بیانیے اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے حوالے سے ان کے سابقہ موقف سے بخوبی آگاہ ہیں۔

ماضی میں وہ ایکشن کمیٹی کے بعض اقدامات اور اس سے وابستہ عناصر کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے رہے، حتیٰ کہ انتخابی مہم کے دوران ان سے وابستہ افراد کو پھانسی دینے جیسے مطالبات بھی سامنے آتے رہے تاہم اب ان کا اسی کمیٹی کے حق میں بات کرنا سیاسی تضاد کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محض سیاسی حالات یا اقتدار کی عدم دستیابی کی بنیاد پر ماضی کے بیانات سے مختلف مؤقف اختیار کرنا عوامی سطح پر سوالات کو جنم دیتا ہے۔

باغ کے شہریوں نے مزید کہا کہ ریاست کے عوام اور پاکستان نے راجہ فاروق حیدر کو عزت، مقام اور دو مرتبہ وزارتِ عظمیٰ کی ذمہ داری دی۔

 انہیں چاہیے کہ وہ اپنی سیاسی جدوجہد کو ذاتی اقتدار کے بجائے ریاستی مفادات، عوامی مسائل اور خطے کے امن کے لیے وقف کریں۔ ایک سابق وزیراعظم سے عوام زیادہ سنجیدہ، ذمہ دارانہ اور دوراندیش سیاسی طرزِ عمل کی توقع رکھتے ہیں۔

شہریوں کے مطابق جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے حوالے سے ماضی اور حال کے بیانیے میں نمایاں فرق نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی میں انتقامی کارروائیاں، اشفاق ظفر فاروق حیدر پر برس پڑے

عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آخر وہ کون سے حالات ہیں جن کے باعث سابق وزیراعظم نے اپنا سابقہ سخت مؤقف تبدیل کیا۔

 انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن ریاستی مفادات اور قومی معاملات پر دوہرا معیار اختیار نہیں کیا جانا چاہیے۔