مسلم لیگ ن پارلیمانی پارٹی آزادکشمیر کا اہم اجلاس طلب

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کا اہم اجلاس اسلام آباد میں طلب کر لیا۔

اجلاس میں حکومت کے 100 روزہ پلان، حکومتی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی و تنظیمی حکمت عملی سمیت اہم ریاستی و سیاسی امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کریں گے، جس میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین اور تمام ٹکٹ ہولڈرز کی شرکت متوقع ہے۔

اجلاس کو موجودہ سیاسی صورتحال اور حکومتی ترجیحات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں حکومت اور جماعتی قیادت آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کا اہم ترین ایجنڈا حکومت کا 100 روزہ پلان ہوگا، جس کے تحت حکومتی ترجیحات، مقررہ اہداف، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور ان پر عملدرآمد کی رفتار کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس موقع پر حکومتی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لینے کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور ان کی تکمیل کے حوالے سے تجاویز زیرِ غور آئیں گی۔

اجلاس میں عوام کو درپیش مسائل، بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی ضروریات اور عوامی توقعات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پارلیمانی اراکین اور ٹکٹ ہولڈرز سے ان کے حلقوں کی صورتحال، عوامی شکایات اور مسائل کے حل کیلئے تجاویز طلب کیے جانے کا امکان ہے

مزید یہ بھی پڑھیں:ہائیکورٹ: لنگر پورہ سیٹلائٹ ٹاؤن کےکمرشل پلاٹوں کی نیلامی روک دی،حکم امتناعی جاری

تاکہ حکومتی پالیسیوں کو زمینی حقائق اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کی تنظیمی صورتحال اور جماعت کو مزید مضبوط و فعال بنانے کے امور بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔

اس سلسلے میں پارٹی رہنماؤں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنانے، کارکنوں کو متحرک کرنے اور عوامی سطح پر جماعتی سرگرمیوں میں اضافے کے حوالے سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

اجلاس میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے حوالے سے بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔

پارٹی قیادت اس امر پر غور کرے گی کہ حکومتی اقدامات اور جماعتی پالیسیوں میں مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی کیسے برقرار رکھی جائے

تاکہ عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے کے ساتھ انتخابی وعدوں کو عملی شکل دی جا سکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کولگام میں سی آر پی ایف پر حملے کا بھارتی دعویٰ من گھڑت پراپیگنڈا قرار، ہراسانی کا نیا ڈرامہ بے نقاب

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تمام پارلیمانی اراکین اور ٹکٹ ہولڈرز کو اپنی تجاویز، تحفظات اور سفارشات پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

اس مشاورتی عمل کا مقصد حکومت اور جماعتی قیادت کو ایک مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھانا اور حکومتی ترجیحات کے حصول کیلئے پارلیمانی و تنظیمی سطح پر مؤثر کردار کو یقینی بنانا ہے۔

اجلاس میں 100روزہ اصلاحاتی پلان پر تفصیلی مشاورت ہوگی ۔پنجاب حکومت کی طرز پر آزادکشمیرمیں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی تجاویز زیر غور آنے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آزادکشمیر کابینہ میں توسیع اور مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، سابق وزیراعظم کی جانب سے پیش کی گئی تحریکِ استحقاق پر بھی گفتگو متوقع ہے۔

آزادکشمیرمیں سیاسی صورتحال اور حکومتی حکمت عملی پر بھی مشاورت متوقع ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مجوزہ دورہ پر بھی غور ہوگا۔

اجلاس میں حکومتی کارکردگی، انتظامی امور اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔