پاکستان کے ساتھ تاریخی سندھ طاس معاہدے (IWT) کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں 1,800 میگاواٹ صلاحیت کا متنازعہ ساولکوٹ پن بجلی منصوبہ (Sawalkote Hydroelectric Project) تیز رفتاری سے شروع کر دیا ہے۔
نیوز ایجنسی صباح نیوز کے مطابق 26376.66 کروڑ روپے کی بھاری لاگت سے تعمیر کیے جانے والے اس پروجیکٹ کے بنیادی ڈھانچے کے لیے بھارتی وزارتِ خزانہ کے پبلک انویسٹمنٹ بورڈ (PIB) نے 1400 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کر لی ہے جبکہ 18730.25 کروڑ روپے کے قرض کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ طاس معاہدہ: پاکستان کا مؤقف پیش کرنے کیلئے انڈس واٹر کمشنر ویانا پہنچ گئے
نیشنل ہائیڈرو الیکٹرک پاور کارپوریشن (NHPC) کے ذریعے تعمیر کیا جانے والا یہ پروجیکٹ مقبوضہ کشمیر کا سب سے بڑا پن بجلی منصوبہ ہے جو رام بن سمیت مقبوضہ کشمیر کے تین اضلاع کے 1,401 ہیکٹر پر محیط ہوگا جس میں 840 ہیکٹر سے زائد جنگلاتی زمین بھی استعمال کی جائے گی۔
پروجیکٹ کو اگست 2036ء تک مکمل کرنے کی عارضی مدت مقرر کی گئی ہے۔
سندھ طاس معاہدے کے تحت دریائے چناب، جہلم اور سندھ کے پانیوں پر پاکستان کا حق تسلیم کیا گیا تھا اور بھارت کو صرف محدود اور بغیر ذخیرہ کے بجلی پیدا کرنے کی اجازت حاصل تھی، تاہم نئی دہلی حکومت نے اس چار دہائیوں سے زیرِ التوا منصوبے کو زور زبردستی آگے بڑھانا شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں حکومت سنبھالنے والے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس متنازعہ منصوبے پر منتخب حکومت کے کسی بھی کردار یا کنٹرول کی تردید کر دی ہے۔
انہوں نے بھارتی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ جموں و کشمیر اسٹیٹ پاور ڈویلپمنٹ کارپوریشن (JKSPDC) کے فیصلے مکمل طور پر بھارتی کے مقرر کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ہاتھ میں ہیں اور منتخب حکومت کا اس پر کوئی کنٹرول نہیں۔
واضح رہے کہ ستمبر میں این ایچ پی سی نے پروجیکٹ کے پہلے پیکیج کے لیے 5,129 کروڑ روپے کے تعمیراتی کام کی بولیاں شروع کی تھیں، جس میں بھارتی صنعت کار اڈانی گروپ اور دیگر بڑی کمپنیاں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ طاس معاہدے پر عالمی ثالثی عدالت کا فیصلہ خوش آئند،ترجمان ڈی ایف پی
پاکستان کی جانب سے چناب پر ڈیموں کی غیر قانونی تعمیر پر تحفظات کے باوجود بھارت کا یہ اقدام خطے کی آبی سیکیورٹی اور امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ بنتا جا رہا ہے۔




