اسلام آباد:آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم ، پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی سے مذاکرات میں پوری کوشش کی کے معاملہ حل ہو جائے لیکن یہ لوگ آزادکشمیر حکومت سے بات ہی نہیں کرنا چاہتے تھے۔
کشمیر ڈیجیٹل کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی سے مہاجرین کی نشستوں پر ہی مذاکرات ٹوٹے، اس کے بعد بھی میں نے کوشش کی لیکن کالعدم ایکشن کمیٹی کے لوگوں کے ذہنوں میں یہ بات تھی کہ سڑکوں پرہی مطالبات منوائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات ٹوٹنے پر کور ممبر امجد علی خان کے گھر گیا ، شوکت نواز میر کو فون کیا اور ڈی سی کو ان کے گھر بھیجاوہ چکار تھے، پھر امجد علی خان کے گھرجا کر شوکت نواز میر کو فون کیا کہ آپ کا انتظار کررہا ہوںتو شوکت نواز میر نے جواب دیاکہ آپ اپنا وقت ضائع نہ کریں، ہم ریاست آزادکشمیر کے ذریعے مذاکرات نہیں کرنا چاہتے، آپ بیچ سے نکل جائیں گے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ میں نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ میں ریاست کا وزیراعظم ہوں،مطالبات پورے کرنے کی کوشش کرونگا، عمر نذیر کشمیری نے بھی مذاکرات سے انکارکیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے وہاں خدشے کا اظہار کیا تھا کہ انسانی جانوں کا ضیاع ہو گا لیکن نہیں سنی گئی اور پھر آج تک مذاکرات بحال نہیں ہوسکے۔
شوکت نواز میر کوگھر جا کر حکومت میں شمولیت کی دعوت دی تھی
ایک سوال کے جواب میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے مطالبات عوامی مسائل سے جڑے ہوئے تھے،شوکت نواز کو گھر جا کر حکومت میں شمولیت کی دعوت دی تھی اور کہا کہ مل کر مسائل حل کرتے ہیں، ہمیں مل کرراستہ بنانا ہوگا۔
انہوں نے صاف انکار کیا اور کہا کہ مطالبات مانے جائیں تو میں نے کہا کہ مطالبات منظوری کیلئے وسائل چاہئے ہوتے ہیں۔
فیصل راٹھور کا کہنا تھا کہ ان کا گلہ تھا کہ سابق حکومت رابطہ نہیں کررہی تھی لیکن میں نے رابطہ کرنے کی کوشش کی اور آزادکشمیر حکومت سے متعلقہ ان کے تمام مطالبات پورے کردیئے ہیں جبکہ ایکشن کمیٹی کے لوگ کہتے تھے کوئی مطالبہ پورا نہیں ہوا۔
جو مطالبات پورے کئے ان پر بھی سوالات اٹھائے گئے، لاشیں گرنے کی ذمہ داری کسی کو اٹھانا ہوگی
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت نے جو مطالبات پورے کئے اس پر بھی سوالات اٹھائے گئے، ہم نے مطالبات پورے کرکے نوٹیفکیشن جاری کئے تھے۔
5جون کو مذاکرات ٹوٹنے پرکہا تھا کہ پہلے مذاکرات ٹوٹے تو 9لاشیں گر ی تو ہم بیٹھے تھے، آج جو لاشیں گری ہیں اس کی ذمہ داری بھی کسی کے سر لگے گی۔
آزادکشمیر کا سٹیٹس تبدیل نہیں ہورہا
ایک سوال کے جواب میں فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آئینی ترمیم ہونا کوئی بڑی بات نہیں لیکن آزادکشمیر کا سٹیٹس تبدیل نہیں ہورہا، موجوہ حالات میں ایسا پروپیگنڈا حالات خراب کرسکتا ہے، عوامی مینڈیٹ سے جڑی کوئی آئینی ترمیم آتی ہے اس پر اسمبلی میں بحث ہوگی اور اس کے بعد پاس ہوگی۔
فاروق حیدر کو اپنے بیانیہ پر قائم رہنا چاہئے
ایک اور سوال کے جواب میں فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ کئی سیاستدانوں نے عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے اپنا بیانیہ بدلا جیسے کے فاروق حیدر نے بدلا ہے۔فاروق حیدرسینئر سیاستدان ہیں ان کو اپنے بیانیہ پر قائم رہنا چاہے۔ آج ان کا بیانہ مختلف ہے ، پہلے مختلف تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے کوئی سودے بازی نہیں کریگی ۔
پارٹی صدارت کا امیدوار ہوں
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہر پولیٹیکل ورکرکی خواہش ہوتی ہے کہ وہ سیاست میں نام اوپر تک جائے اورمیں 10سال سے پارٹی کا جنرل سیکرٹری ہوں ،وزیراعظم بھی رہا ہوں ،یقیناً میں پارٹی صدارت کا امیدوار ہوں ، قیادت کا ذمہ داری دی تو احسن انداز میں نبھائوں گا نہ دی تو جس کو بھی صدر بنایا گیا اس کا بھرپور ساتھ دونگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بیروزگاری کے خاتمے کیلئےہمیں ہنر مندی اور سائنس وٹیکنالوجی کی طرف آنا ہوگا، اپنا معیار تعلیم بہتر کرنا ہوگا۔
دوبارہ وزیراعظم بننے پر معیشت مضبوطی پر فوکس کرونگا
انہوں نے کہا کہ دوبارہ وزیراعظم بننے پر معیشت بہتر بنانے کیلئے ٹورازم پرکام کرونگا ، پہلے بھی کام کرنے کی کوشش کی لیکن وقت کم تھا،ہمیں نوجوانوں کو مواقع مہیا کرنا ہوں گے۔بدقسمتی سے ہم اپنے پوٹیشنل پر فوکس کرنا ہوگااور سبسڈی سے نکلنا ہوگا۔
حویلی کے عوام کی احساس محرومیاں ختم کردیں
فیصل ممتازراٹھورکا کہنا تھا کہ میں نے بطور وزیراعظم سیاسی نظام کی بحالی کی جو بڑا کارنامہ ہے،حویلی میں سڑکیں بہتر کیں،یونیورسٹی قائم کی،وزیراعظم پاکستان سے دانش سکول لیا۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ کے 57سکول اپ گریڈ کئے،4سائنس کالج دیئے،خورشید میں ہائیڈرل میگا پراجیکٹ دیا،گرڈ سٹیشن قائم کیا،2ٹی ایچ کیو ہسپتال بنائے،اس کے علاوہ بھی بے پناہ کام کئے،حلقہ کی احسا س محرومیاں دور کر دی ہیں۔




