سندھ طاس معاہدہ: پاکستان کا مؤقف پیش کرنے کیلئے انڈس واٹر کمشنر ویانا پہنچ گئے

لاہور( کشمیر ڈیجٹیل ) وفاقی وزیر آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے معاملے پر بھارت مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے،

تاہم پاکستان عالمی فورمز پر اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نیدرلینڈز میں مصالحتی عدالت میں اپنا مقدمہ جیت چکا ہے

 جبکہ اب اس معاملے پر ویانا میں نیوٹرل ایکسپرٹ کے سامنے سماعت ہوگی۔ پاکستان کی جانب سے انڈس واٹر کمشنر سید محمد مہر علی شاہ ویانا پہنچ گئے ہیں

۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان کا مؤقف تسلیم کرنا ہوگا اور سندھ طاس معاہدے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا، بصورت دیگر اسے آنے والے دنوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے

۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے پر عمل درآمد کا معاملہ اقوام متحدہ میں بھی دوبارہ اٹھایا جائے گا۔میاں محمد معین وٹو نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی اور جارحانہ رویہ زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہ سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ سردیوں کی آمد کے باعث ملک میں پانی کی قلت پیدا ہو رہی ہے، تاہم بھارت نے تاحال پاکستان کا پانی نہیں روکا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کو بھارت کے کشن گنگا اور رتلے ہائیڈرو پاور منصوبوں کے ڈیزائن پر تحفظات ہیں۔

پاکستان کا مؤقف ہے کہ ان منصوبوں میں پانی ذخیرہ کرنے اور خارج کرنے کے نظام سے دریائے چناب سمیت دیگر مغربی دریاؤں کے قدرتی بہاؤ پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اسی معاملے پر ویانا میں ہونے والی سماعت کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔