فوجی محاذ آرائی سے معاشی گھیراؤ تک: امریکا کا ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی اور سخت پابندیوں کا نیا پلان

 امریکا نے ایران کے خلاف محاذ آرائی میں ایک نئی حکمت عملی اختیار کرنے کا عندیہ دے دیا ہے، جہاں میزائلوں اور فضائی حملوں کے بجائے معاشی پابندیوں اور بحری ناکہ بندی کو دباؤ کا بنیادی ہتھیار بنایا جا رہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے تازہ بیان نے واضح کردیا ہے کہ واشنگٹن فی الحال بڑے فوجی آپریشن کے بجائے ایران کی معاشی مشکلات میں اضافے کی حکمت عملی کو مؤثر قرار دے رہا ہے۔

مارکو روبیو نے پیرس میں جی 7 اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی معاشی پابندیاں اور بحری ناکہ بندی اچھے نتائج دے رہی ہیں۔ امریکی اتحادیوں کو بھی اس پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق موجودہ حکمت عملی کے تحت صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف کسی بڑے فوجی آپریشن کی ضرورت نہیں۔امریکی مؤقف کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ، امریکاکی71 فیصد عوام نے مخالفت کردی، ٹرمپ کیلئے نیا چیلنج

کہ ایران کے خلاف مسلسل فوجی کارروائیوں کے بجائے معاشی دباؤ برقرار رکھنے کی بات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واشنگٹن کے اندر بھی آئندہ لائحہ عمل پر اتفاق رائے دکھائی نہیں دے رہا۔

امریکی حکمت عملی میں سامنے آنے والی تبدیلی کا بنیادی پہلو یہ ہے کہ ایران کو مزید فوجی حملوں کا نشانہ بنانے کے بجائے اس کی معاشی سرگرمیوں کو محدود کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔

۔ایران پہلے ہی کئی دہائیوں سے امریکی پابندیوں کا سامنا کر رہا ہے۔ تیل کی برآمدات، مالیاتی اداروں اور اسلحے کے حصول پر عائد پابندیوں نے ایرانی معیشت کو مسلسل دباؤ میں رکھا ہوا ہے۔

 اب بحری ناکہ بندی کو بھی اسی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ مارکوروبیو کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی انتظامیہ موجودہ معاشی اور بحری دباؤ کو مزید فوجی تصادم کے مقابلے میں بہتر راستہ سمجھ رہی ہے

۔ اس پالیسی کے ذریعے واشنگٹن ایران پر دباؤ برقرار رکھتے ہوئے براہ راست جنگ کے مزید سیاسی اور معاشی اخراجات سے بچنا چاہتا ہے۔