قلعہ سیف اللہ (کشمیر ڈیجیٹل): سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے اہم اور خطرناک دہشت گرد کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق فورسز نے بلوچستان بھر میں جاری آپریشن ’رد الفتنہ 3‘ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے قلعہ سیف اللہ کے علاقے میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن انجام دیا۔ اس کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا دہشت گرد کمانڈر عادل شاہ عرف درویش موقع پر ہی مارا گیا۔
ہلاک کمانڈر کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کا پس منظر:
سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ ہلاک ہونے والا دہشت گرد کمانڈر عادل شاہ دسمبر دو ہزار بیس سے فتنہ الخوارج نامی کالعدم اور دہشت گرد تنظیم سے وابستہ تھا۔ وہ سال دو ہزار چوبیس سے اس دہشت گرد گروہ کے تمام تر مالی امور اور فنڈنگ کے معاملات کی نگرانی کر رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی: 5 دہشتگرد ہلاک
اس کے علاوہ، ہلاک دہشت گرد غیر مقامی دہشت گردوں کو ژوب، شیرانی اور شعبان کے علاقوں میں رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کرنے میں بھی بھرپور مدد فراہم کرتا رہا ہے۔
سنگین جرائم اور سر کی قیمت:
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ خارجی کمانڈر سال دو ہزار بائیس اور دو ہزار تیئیس کے دوران سکیورٹی فورسز پر ہونے والے مختلف حملوں اور اغواء برائے تاوان کی متعدد کارروائیوں میں بھی برائے راست ملوث رہا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے اس خارجی کمانڈر کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی مختلف عدالتوں میں کل انیس مقدمات درج تھے، جبکہ حکومت اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے اس کے سر کی قیمت پچیس لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔




